Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کوئٹہ سے کراچی جانے والی کوچ کو حادثہ، آگ لگنے سے 39 مسافر ہلاک

بیلہ کے اسسٹنٹ کمشنر کے مطابق مسافر بس کو حادثہ ممکنہ طور پر تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سے کراچی جانے والی مسافر بس کو لسبیلہ کے قریب حادثہ پیش آیا ہے جس میں کم از کم 39 مسافر ہلاک ہو گئے جبکہ پانچ زخمی ہیں۔
بلوچستان  کے وزیراعلیٰ میر عبدالقدوس بزنجو نے بیلہ میں کوچ کے المناک حادثے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’بہت سی قیمتی جانوں کے ضیاع پر صدمہ ہوا ہے۔‘
ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔
اتوار کی صبح اسسٹنٹ کمشنر بیلہ حمزہ انجم ندیم نے نجی ٹی وی چینل جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مسافر بس میں خواتین اور بچوں سمیت 48 افراد سوار تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ حادثے کے بعد تین افراد کو ریسکیو کیا جا سکا اور بس میں آگ لگنے کے باعث دیگر افراد پھنس کر رہ گئے۔
اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا تھا کہ حادثے میں ہلاک ہونے والے 39 مسافروں کی لاشیں نکال لی گئی ہیں۔ ’زیادہ تر لاشیں جل جانے کے باعث ناقابل شناخت ہیں اور اُن کو ڈی این اے کرایا جائے گا۔‘
حمزہ انجم ندیم نے بتایا کہ ممکنہ طور پر حادثہ تیز رفتار کے باعث پیش آیا ہوگا اور مسافر بس موڑ کاٹتے ہوئے کھائی میں گری۔ ’زخمی ہونے والے مسافروں کو قریبی ہسپتال میں علاج جاری ہے۔‘
مقامی افراد اور ریسکیو اہلکاروں کے مطابق مسافر بس پُل کی حفاظتی دیوار کو توڑتے ہوئے نیچے گری جس کے باعث زیادہ ہلاکتیں ہوئیں۔

شیئر: