Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’پٹھان‘ نے انڈین باکس آفس کے ریکارڈ توڑ دیے، ’شکریہ ادا کرنے کے الفاظ نہیں‘

فلم پٹھان نے انڈین باکس آفس کے پچھلے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی
بالی وُڈ فلم انڈسٹری کے بادشاہ شاہ رخ خان اپنی فلم پٹھان کی کامیابی کے بعد شائقین کے ممنون دکھائی دے رہے ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق گزشتہ ہفتے فلم ’پٹھان‘ کی ریلیز کے بعد باکس آفس پر ریکارڈ توڑ کاروبار نے زوال کی شکار بالی وُڈ انڈسٹری کو نئی امید بخشی ہے جس پر شاہ رخ خان نے مداحوں کا شکریہ ادا کیا۔
فلم پٹھان نے انڈیا میں ریلیز کے دوسرے روز ہی271 کروڑ روپے کما لیے تھے جسے کسی بھی ہندی فلم کی سب سے بڑی اوپننگ قرار دیا گیا ہے۔
جبکہ پانچ دنوں کے اندر انڈیا سمیت پوری دنیا میں 542 کروڑ انڈین روپے کما کر پٹھان نے انڈین باکس آفس کے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔
یہ فلم ایسے وقت میں ریلیز ہوئی ہے جب کورونا وائرس کے بعد سے ہندی فلموں کو بری طرح ناکام ہوتا ہوا دیکھا جا رہا تھا۔
فلم پٹھان کا اس لیے بھی شدت سے انتظار تھا کیونکہ چار سال کے وقفے کے بعد شاہ رخ خان اپنے مداحوں کو ایکشن میں نظر آ رہے تھے۔ 
کنگ خان کے صرف انڈیا میں ہی نہیں بلکہ پوری دنیا میں فینز موجود ہیں جبکہ فلم کی ہیروئن دپیکا پاڈوکون کا شمار بھی پسندیدہ اداکاروں میں ہوتا ہے۔
کچھ عرصے سے دائیں بازو کی سوچ کے حامل افراد کی جانب سے بالی وُڈ کے خلاف بائیکاٹ کی مہم چلائی جا رہی تھی۔ اس مہم کے نشانے پر مسلمان سپر سٹار یعنی شاہ رخ خان، سلمان خان اور عامر خان بھی رہے ہیں۔
جب پٹھان فلم کا گانا ’بے شرم رنگ‘ ریلیز ہوا تو اس میں دپیکا پاڈوکون کے لباس پر ہندو انتہا پسند جماعتوں کی جانب سے مذہبی جذبات کو مجروح کرنے کا الزام لگایا گیا اور فلم پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔
شاہ رخ خان نے ہر قسم کے متنازع بیانات کو ایک طرف رکھتے ہوئے مداحوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ’حقیقت یہ بھی ہے کہ کچھ ایسی چیزیں ہو سکتی تھیں جو اس خوشگوار نمائش کی راہ میں رُکاوٹ بن جاتیں۔ میں صرف یہ کہنا چاہتا ہوں کہ ہر طرف سے ہمیں بہت پیار مل رہا ہے اور ہمارے پاس شکریہ ادا کرنے کے الفاظ نہیں ہیں۔‘
دوسری جانب فلم کی ریلیز کے بعد سوشل میڈیا پر جشن کا سا سماں ہے جہاں فینز کو سینیما گھروں کی سکرینز کے آگے ڈانس کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ 
فلم تھیٹر کے مالک اکشے راتھی نے بتایا کہ ’پٹھان فلم کی کامیابی کا نا ختم ہونے والا جشن بتا رہا ہے کہ ہندی فلم انڈسٹری کہاں جا رہی ہے۔ ہم واپس اس دور میں جا رہے ہیں جہاں تھیٹر میں فلموں کا جشن منایا جاتا تھا۔‘
گزشتہ سال جنوبی انڈیا کی فلمیں جیسے ’آر آر آر‘ باکس آفس پر چھائی رہی تھیں۔
آر آر آر کے گانے ’ناٹو ناٹو‘ نے گولڈن گلوب ایوارڈ اپنے نام کرتے ہوئے بہترین اوریجنل گانے کی کیٹیگری میں آسکرز تک رسائی بھی حاصل کی.
این ڈی ٹی وی کے مطابق پیر کے روز پٹھان کی ٹیم یعنی شاہ رخ خان، جان ابراہم، دپیکا پاڈوکون اور ہدایتکار سدھارتھ آنند نے میڈیا سے براہ راست بات چیت کا سیشن رکھا جس میں شاہ رخ خان بھرپور فارم میں نظر آئے۔
کنگ خان کہتے ہیں کہ ’فلم کی شوٹنگ کورونا وائرس کے دنوں میں ہوئی تھی۔ تمام لوگوں نے فلم کے لیے بہت رحمدلی کا مظاہرہ کیا۔ ہم ناظرین کے شکر گزار ہیں۔ سینیما گھروں کو نئی زندگی دینے پر ہم اپنی ٹیم کی جانب سے آپ سب کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔‘
شاہ رخ خان پٹھان فلم کے ذریعے بڑے پردے پر چار سال کے طویل وقفے کے بعد واپس آئے ہیں۔ اس سے پہلے ان کی 2018 میں فلم ’زیرو‘ ریلیز ہوئی تھی جو باکس آفس پر فلاپ رہی تھی۔ 
اس بارے میں انہوں نے کہا کہ ’میں نے ایک سے دو سال کام نہیں کیا لیکن میں نے وہ وقت اپنی فیملی اور دوستوں کے ساتھ گزارا۔ میں نے اپنے بچوں آریان اور سہانا کو بڑے ہوتے دیکھا۔‘
شاہ رخ خان نے اپنی پچھلی فلموں کی باکس آفس پر ناقص کارکردگی کے بارے میں مزاحیہ انداز میں کہا کہ ’میں نے تو کوئی اور کاروبار کرنے کا سوچنا شروع کر دیا تھا۔ میں نے کھانے پکانے کے طریقے سیکھنے شروع کیے اور سوچا کے میں ریڈ چلیز ایٹری کے نام سے ایک ریستوران کھولوں گا۔‘
پٹھان کی مرکزی کاسٹ میں شامل دپیکا پاڈوکون نے فلم کی کامیابی پر بات کرتے ہوئے کہا ’میرے خیال سے ہم نے کوئی ریکارڈ توڑنے کی غرض سے فلم نہیں بنائی تھی بلکہ پیار اور اچھی نیت سے بنایا تھا۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ ہمارا وقت بہت اچھا گزرا۔ یہ وہ چیز ہے جو مجھے شاہ رخ  نے اپنی پہلی فلم (اوم شانتی اوم) کے وقت بتائی تھی۔‘
اُدھر اتوار کے روز شاہ رخ خان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ویڈیو شیئر کی جس میں وہ ممبئی میں واقع اپنے گھر ’منت‘ کے باہر آئے ہوئے مداحوں کا گھر کے جنگلے پر کھڑے ہو کر شکریہ ادا کر رہے ہیں۔
اسی سلسلے میں 57 سالہ سپرسٹار نے کہا کہ ’مجھے یہ سکھایا گیا کہ جب کوئی کام نہ بن رہا ہو تو وہاں جاؤ جو تمہارے سے پیار کرتے ہیں۔ میں بہت خوش قسمت ہوں کہ لاکھوں لوگ میرے سے پیار کرتے ہیں۔ میں جب خوش ہوتا ہوں تو باہر بالکنی پر آ جاتا ہوں اور جب پریشان ہوتا ہوں، تب بھی باہر بالکنی پر آ جاتا ہوں۔‘
رواں سال شاہ رخ خان کی دو مزید فلمیں ریلیز ہوں گی۔ 
2 جون کو ریلیز ہونے والی فلم ’جوان‘ کی ہدایتکاری جنوبی انڈیا کے ڈائریکٹر ایٹلی کمار نے کی ہے۔ اس کے بعد سال کے آخر میں راج کمار ہیرانی کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم ’ڈنکی‘ ریلیز ہوگی۔ یہ فلم کرسمس کے موقع پر سینیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔ 

شیئر: