Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’پہلے ہنی مُون پر جاؤں یا فلم پٹھان دیکھوں؟‘

فلم میں شاہ رخ خان، دپیکا پاڈوکون اور جان ابراہام مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں (فائل فوٹو: فلم پٹھان)
چار سال کے طویل وقفے کے بعد آخرکار شاہ رخ خان اپنی نئی فلم ’پٹھان‘ کے ذریعے بڑے پردے پر 25 جنوری کو جلوہ گر ہوں گے۔
ایکشن اور تھرلر سے بھرپور پٹھان انڈیا سمیت دنیا بھر کے سنیما گھروں میں بدھ کے روز نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔
فلم میں شاہ رخ خان، دپیکا پاڈوکون اور جان ابراہام مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں جبکہ سدھارتھ آنند اس فلم کے ڈائریکٹر ہیں۔
پٹھان نے اپنی ریلیز سے قبل ہی سنیما گھروں کی رونقیں بحال کر دی ہیں کیونکہ اب تک چار لاکھ سے زائد ٹکٹ ایڈوانس میں بُک ہو چکے ہیں جبکہ فرسٹ ڈے فرسٹ شو یعنی فلم کی ریلیز کے پہلے دن سنیما گھروں میں لگنے والے پہلے شو کے لیے ہاؤس فُل ہیں۔
صحافی ہمیش منکڈ نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اس بات کی تصدیق کی ہے کہ پیر کے روز تک انڈیا بھر میں پٹھان کے چار لاکھ 19 ہزار ایڈوانس ٹکٹ فروخت ہوچکے ہیں۔ یہ کسی بھی ہندی فلم کے لیے ایڈوانس بُکنگ کا ایک ریکارڈ ہے جبکہ فلم کی ریلیز میں ایک دن باقی ہے۔
باکس آفس انڈیا نے پیشین گوئی کی ہے کہ ’فلم پٹھان پہلے روز 50 کروڑ روپے تک کی آمدنی حاصل کر سکتی ہے۔‘
فلموں کے باکس آفس اور ٹریڈ کے ماہر تجزیہ کار ترن آدرش نے خبر دی ہے کہ ’پٹھان 100 سے زیادہ ممالک میں 2500 سے زائد سکرینوں پر ریلیز کی جائے گی۔‘ اس سے پہلے کسی بھی انڈین فلم کی نمائش 100 سے زائد ممالک میں نہیں ہوئی۔

فلم نے اپنی ریلیز سے قبل ہی کچھ تنازعات کے باعث غیر معمولی شہرت حاصل کر لی تھی۔
یش راج بینرز تلے بننے والی پٹھان کے ٹریلر سے پہلے اس کے گانے ’بے شرم رنگ‘ اور ’جھومے جو پٹھان‘ کو ریلیز کیا گیا تھا۔
گانا بے شرم رنگ جب ریلیز ہوا تو اس پر دائیں بازو کی سوچ کی حامل اور مذہبی سیاسی جماعتوں نے ’عریانی‘ کا الزام لگایا جبکہ گانے میں دپیکا پاڈوکون کے لباس پر بھی یہ الزام لگایا کہ اس سے ’ہندو مذہب‘ کے ماننے والوں کی دل آزاری ہو رہی ہے۔
اس تنازعے کے بعد ریاست گجرات کے شہر احمد آباد میں مذہبی سیاسی جماعت ’بجرنگ دل‘ کے کارکنوں نے سنیما گھروں پر دھاوا بول دیا تھا اور فلم کے پوسٹرز پھاڑنے کے ساتھ ساتھ اس کی نمائش کو روکنے کی بھی دھمکیاں دی تھیں۔
فلم کی ریلیز سے ایک دن قبل شاہ رخ خان نے ٹوئٹر پر سوالات جوابات کا سیشن بھی رکھا جہاں مداحوں نے ان سے سوالات پوچھے۔
فیضان ملک نے بالوں کو لمبا کرنے کے لیے مشورہ مانگا تو شاہ رخ خان نے کہا کہ ’ممی جی سے سر پر تیل کی مالش کرواؤ۔
ارسلان نے شکوہ کیا کہ انہوں ںے رات 12 بجے کا ٹکٹ بُک کروایا ہے، جس کے بعد رات گئے گھر واپس آنے پر ان کے والد انہیں گھر گھسنے نہیں دیں گے۔
 اس کے جواب میں کنگ خان کہتے ہیں کہ ’گھر کے باہر ہی سو جاؤ، صبح یوں محسوس کرنا کہ صبح کی سیر کر کے واپس آرہے ہو، اچھا مشورہ ہے نا؟‘

معراج نے فلم میں رومانس کے بارے میں پوچھا تو پٹھان نے کہا کہ ’میں جہاں جاتا ہوں وہاں رومانس، ڈانس اور برومانس ہوتا ہی ہے۔

محمد الطاف نے شاہ رخ خان کے بڑے پوسٹر کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے ان سے اکٹھے فلم دیکھنے کی خواہش کا اظہار کیا جس کے جواب میں بالی وُڈ بادشاہ نے کہا کہ ’اتنی اؤنچائی پر تو ڈر لگے گا مجھے، آپ دیکھ لو بتانا کیسی لگی۔

شہزاد خان نے مزاحیہ انداز میں ٹویٹ کی کہ ’گذشتہ ہفتے میری شادی ہوئی، پہلے ہنی مُون پر جاؤں یا پٹھان دیکھوں؟‘
اس پر شاہ رخ خان نے بھی دلچسپ انداز میں جواب دیا کہ ’بیٹا ایک ہفتہ ہوگیا ہے ابھی تک ہنی مُون نہیں کیا؟ اب اہلیہ کے ساتھ پٹھان دیکھنے جاؤ ہنی مُون پر بعد میں چلے جانا۔‘

شیئر: