پاکستان میں ’توہین آمیز مواد کی وجہ سے‘ وکی پیڈیا پر پابندی
بدھ 1 فروری 2023 15:17
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
پی ٹی اے کے مطابق سماعت کا موقع دیا گیا تاہم وکی پیڈیا نے تعمیل نہ کی (فائل فوٹو)
پاکستان میں ٹیلی کمیونیکیشن کے ریگولیٹر ادارے پی ٹی اے نے اعلان کیا ہے کہ ’غیرقانونی مواد کی وجہ سے وکی پیڈیا کی سروسز محدود‘ کی گئی ہیں۔
بدھ کو پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے بتایا کہ ’توہین آمیز مواد کو بلاک نہ کرنے/ہٹانے کی وجہ سے سروسز محدود کی گئی ہیں۔‘
پی ٹی اے کے مطابق ’قابل اطلاق قانون اور عدالتی حکم (احکامات) کے تحت نوٹس جاری کر کے مذکورہ مواد کو بلاک کرنے/ہٹانے کے لیے وکی پیڈیا سے رابطہ کیا گیا تھا۔‘
بیان میں یہ وضاحت بھی کی گئی کہ ’سماعت کا موقع فراہم کیا گیا تاہم پلیٹ فارم نے نہ تو توہین آمیز مواد ہٹانے کی تعمیل کی اور نہ ہی اتھارٹی کے سامنے پیش ہوا۔‘
ٹیلی کام اتھارٹی کے مطابق ’ہدایات پر جان بوجھ کر عمل نہ کرنے کے پیش نظر وکی پیڈیا کی سروسز کو 48 گھنٹوں کے لیے محدود‘ کر دیا گیا ہے۔
وکیپیڈیا کو یہ تنبیہ بھی کی گئی ہے کہ محدود پابندی کے ساتھ ’پلیٹ فارم کو رپورٹ کردہ مواد کو بلاک/ہٹانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ تعمیل نہ کرنے کی صورت میں پلیٹ فارم پاکستان کے اندر بلاک کر دیا‘ جائے گا۔
پی ٹی اے کے مطابق ’رپورٹ کردہ غیرقانونی مواد کو بلاک کرنے، ہٹانے کے بعد ویب سائٹ پر سے پابندی اٹھائے جانے پر دوبارہ غور کیا جائے گا۔‘