سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے پارٹی کے سینیئر نائب صدر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے اور ان کی جماعت کی جانب سے اس کی تصدیق بھی کر دی گئی ہے۔
بدھ کو لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پارٹی کے قائد نواز شریف کے ترجمان محمد زبیر نے تصدیق کی کہ ’شاہد خاقان عباسی نے پارٹی کے سینیئر نائب صدر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔‘
انھوں نے کہا کہ ’شاہد خاقان عباسی پارٹی کے ورکر اور سینیئر رہنما ہیں۔ عہدے سے استعفے سے ان کے قد میں کوئی فرق نہیں پڑتا۔ وہ بہت بڑے لیڈر ہیں، وزیراعظم رہ چکے ہیں۔ پارٹی کو ان کی ضرورت ہے۔ ان کا جو سیاسی تجربہ اور بصیرت ہے پارٹی ان سے مستفید ہوتی رہے گی۔‘
شاہد خاقان عباسی نے خود بھی سماء ٹی وی کے ایک پروگرام میں پارٹی عہدے سے استعفے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ’جب مریم نواز صاحبہ سینیئر نائب صدر بنیں، جب چیف آرگنائزر بنیں تو میں نے اپنا استعفیٰ بھیج دیا تھا شہباز صاحب کو۔‘
انہوں نے اینکرپرسن ندیم ملک کو بتایا کہ ’میں یہ مناسب سمجھتا ہوں کہ مریم نواز صاحبہ اب ایک لیڈرشپ کی پوزیشن پر آئی ہیں ان کو ایک اوپن فیلڈ ملنی چاہیے اور میرا وہاں ہونا نہ ان کے لیے مناسب تھا اور نہ میرے لیے مناسب تھا۔‘
’مناسب اس لیے نہیں تھا کیونکہ اختلاف ہوتا ہے، اختلاف رائے ہوتا ہے۔ میری وہ چھوٹی بہن کی جگہ ہیں تو اب وہاں اختلاف کی گنجائش نہیں رہتی۔ اس میں ایک تلخی پیدا ہوتی ہے۔‘
شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ’میرا وہاں رہنا ان (مریم نواز) کے لیے رُکاوٹ ہوتا۔ میں نے اس لیے استعفیٰ دے دیا۔‘
مزید پڑھیں
-
مسلم لیگ ن کے سینیئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی عہدے سے مستعفیNode ID: 739516
شاہد خاقان عباسی، پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سابق سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر اور پاکستان مسلم لیگ ن کے ایک اور رہنما مفتاح اسماعیل ملک بھر میں سیمیناروں کا انعقاد کر رہے ہیں اور موجودہ سیاسی نظام پر تنقید کرتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔
ایسے میں شاہد خاقان عباسی کا پاکستان مسلم لیگ ن کے عہدے سے استعفیٰ دینا ان افواہوں کو بھی جنم دے رہا ہے کہ شاید وہ اپنی جماعت کو خیرباد کہہ دیں گے جس کی وجہ پارٹی میں اندرونی اختلافات ہوسکتے ہیں۔
پوڈ کاسٹ ہوسٹ شہزاد غیاث شیخ نے اس حوالے سے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’شاہد خاقان عباسی پاکستان مسلم لیگ ن کے ساتھ اس وقت بھی کھڑے ہوئے جب اسٹیبلشمنٹ کی جانب سے ان پر شدید دباؤ ڈالا گیا۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’یہاں تک کہ جب وہ اڈیالہ جیل میں تھے تو انہیں وزارت عظمیٰ کی پیش کش کی گئی لیکن انہوں نے انکار کردیا۔‘
’اگر پاکستان مسلم لیگ ن اس قد کا شخص کھو دیتی ہے تو پھر پارٹی شریف فیملی بزنس کے علاوہ کچھ نہیں رہے گی۔‘
Shahid Khaqan Abbasi has stood by PMLN against the worst sort of pressure exerted by the Establishment. He was offered the PMship while he was in Adiala too and he refused.
If PML-N lose a man of his caliber then the party is nothing but the Sharif family business.
— Shehzad Ghias Shaikh (@Shehzad89) February 1, 2023
شاہد خاقان عباسی کی جانب سے پارٹی عہدے سے استعفیٰ دینے کی وجوہات نہیں بتائی گئی ہیں لیکن پاکستان مسلم لیگ ن کے مخالفین اسے پارٹی کے اندر اختلافات قرار دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما حماد اظہر نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’اگر شاہد خاقان عباسی صاحب اپنے اصولی مؤقف پر ثابت قدم رہتے ہیں تو بلاشبہ ان کی عزت، وقار اور سیاسی قد میں بہت اضافہ ہوگا۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’شاہد خاقان عباسی نے اپنی جماعت میں چاپلوسی اور غلامی کا راستہ نہیں اپنایا بلکہ بااصول اور جمہوری طرز عمل کے لیے آواز اٹھائی۔‘
اگر شاہد خاقان عباسی صاحب اپنے اصولی موقف پر ثابت قدم رہتے ہیں تو بلاشبہ اُن کی عزت، وقار اور سیاسی قد میں بہت اضافہ ہو گا۔ انھوں نے اپنی جماعت میں چاپولسی اور غلامی کا راستہ نہیں اپنایا بلکہ بااصول اور جمہوری طرزعمل کے لئے آواز اٹھائی۔ یہ انتہائی قابل قدر ہے۔
— Hammad Azhar (@Hammad_Azhar) February 1, 2023
حال ہی میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز شریف کو پارٹی کا سینیئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مقرر کیا گیا ہے۔
اس حوالے سے ایک انٹرویو میں شاہد خاقان عباسی سے پوچھا گیا کہ کیا وہ مریم نواز کو اپنا لیڈر مانتے ہیں؟ اس سوال کا جواب انہوں نے دیا کہ ’میں نواز شریف صاحب کو اپنا لیڈر مانتا ہوں اور اس کے بعد شہباز شریف صاحب میری پارٹی کے صدر ہیں۔ اس کے علاوہ میں کسی کی لیڈرشپ پر ہاں یا نہ نہیں کر سکتا۔‘
سیاسی دھماکہ پاکستان میں مورثی خاندانی سیاست کے خلاف پہلی اعلانیہ بغاوت میرے نزدیک پاکستان کے انتہائی معزز اصول پسند کمال کے منسکزالمزاج شاہد خاقان عباسی نے PML N کو خیر باد کہ دیا عباسی صاحب جان گئے ن لیگ میں شریف خاندان سے علیحدہ کسی کی جگہ نہیں نواز شہباز مریم حمزہ ڈار صفدر۰۰۰ pic.twitter.com/GpRXzeSSBa
— Kamran Khan (@AajKamranKhan) February 1, 2023
پاکستانی اینکرسن کامران خان نے شاہد خاقان عباسی کے پارٹی عہدے سے استعفیٰ دینے کے معاملے پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’عباسی صاحب جان گئے ن لیگ میں شریف خاندان سے علاوہ کسی کی جگہ نہیں۔‘
فیصی نامی ٹوئٹر صارف نے اس حوالے سے لکھا کہ ’ن لیگ کی قیادت کی ایک خاص بات یہ ہے کہ مشکل وقت میں ساتھ دینے والوں کو پہلی فرصت میں روانہ کرتے ہیں۔‘
انہوں نے ’روانہ‘ کیے جانے والوں کی فہرست میں غوث علی شاہ، ظفر علی شاہ، جاوید ہاشمی، مفتاح اسماعیل اور شاہد خاقان عباسی کے نام لکھے۔
ن لیگ قیادت کی ایک خاص بات یہ ہے کہ مشکل وقت میں ساتھ دینے والوں کو پہلی فرصت میں روانہ کرتے ہیں۔
غوث علیشاہ
ظفر علیشاہ
جاوید ہاشمی
مفتاح اسماعیل
شاہد خاقان عباسیمشاہد حسین و چوہدری نثار جیسوں کے لئے ہمہ وقت دروازہ کھلے رہتے ہیں۔
— فیصی (@iamfaisee) February 1, 2023
صحافی عمر حیات خان نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’چوہدری نثار کے بعد شاہد خاقان عباسی نے ن لیگ میں علم بغاوت بلند کردیا۔ موروثی سیاسی یقینی طور پر اس ملک کے لیے نقصان دہ ہے۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’اب پیپلز پارٹی والے بھی آواز اٹھائیں اور موروثی سیاست کا بائیکاٹ کریں۔‘
چوہدری نثار کے بعد شاہد خاقان عباسی نے ن لیگ میں علم بغاوت بلند کردیا، موروثی سیاست یقینی طور پر اس ملک کیلئے نقصان دہ ہے، اب پیپلز پارٹی والے بھی آواز اٹھائیں اور موروثی سیاست کا بائیکاٹ کریں
— Umar Hayat Khan (@umarhayat550) February 1, 2023
لیکن پارٹی کو ’موروثیت‘ کا طعنہ دینے والوں کو مریم نواز نے آج بہاولپور جلسے میں جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’موروثیت، موروثیت، بڑی تکلیف ہورہی ہے نا لوگوں کو؟‘
جناب شاہد خاقان عباسی صاحب، خواجہ سعد رفیق صاحب، مفتاح اسمعیٰل صاحب ۔۔ سیاست سے قبل آپ کو موروثیت اور جمہوریت کا فرق سمجھنا ہوگا ۔ انتہائی “مدلل” گفتگو ملاحظہ فرمائیں اور سبق سیکھیں ۔ اس گفتگو میں نشانیاں ہیں عقلمندوں کے لئے ۔ pic.twitter.com/iqjH0gSdP2
— KazamKhan (@presidentCPNE) February 1, 2023