Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شکر ہے آصف زرداری نے مجھ پر ہتک عزت کا مقدمہ کیا: عمران خان

عمران خان نے آصف زرداری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’مقدمہ عدالت میں جائے گا تو آپ سے سوال ہوگا کہ کیا آپ کی کوئی ساکھ ہے۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ’شکر ہے کہ آصف زرداری نے مجھ پر ہتک عزت کا مقدمہ کیا ہے، میری اطلاعات اتنی پکی ہیں کہ مجھے تفصیلات تک معلوم ہیں۔‘
بدھ کو لاہور میں ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ’سب سے پہلے جب یہ مقدمہ عدالت میں جائے گا تو آپ سے سوال کیا جائے گا کہ کیا آپ کی کوئی ساکھ ہے جو خراب ہوئی ہے، ساری دنیا کے آپ کو مضمون دکھائیں گے کہ آپ کا نام مسٹر ٹین پرسنٹ رکھا گیا تھا، یہ ہر چیز پر پیسے بناتے تھے، قرآن پر ہاتھ رکھ کر بتائیں کہ اب تک آپ کتنے لوگ مروا چکے ہیں۔‘
عمران خان کا کہنا تھا کہ ’میری اطلاعات اتنی پکی ہیں کہ مجھے تفصیلات تک معلوم ہیں، یہ دہشت گردوں کا سپلنٹر گروپ ہے، مجھے یہ بھی معلوم ہے کہ آپ کے ساتھ کون سی ایجنسی کے افسران ملے ہوئے ہیں جنہوں نے یہ منصوبہ بنایا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’جب میں کہہ رہا تھا کہ مجھے قتل کیا جائے گا اور ایک دینی انتہا پسند کے نام پر مجھے قتل کریں گے تو کیا کسی نے تحریری معاہدہ کیا تھا، مجھے کہیں سے پتا چل ہی گیا تھا، یہ اس سے پہلے بھی ایک منصوبہ بنا چکے تھے، یہ پلان بی بنا تھا، مجھے تحریری طور پر تو کسی نے نہیں کہا تھا بلکہ اطلاع ملی تھی اور وہ ساری اطلاعات ثابت ہو رہی ہیں۔‘
تحریک انصاف کے چیئرمین نے کہا کہ ’پہلے پلان اے بنا جن کے نام میں نے ٹیپ پر ریکارڈ کر کے باہر بھجوا دیے ہیں، پھر پلان بی بنا جن میں تین لوگ ملوث تھے اور انہوں نے تیسرا منصوبہ بنایا ہوا ہے جو دہشت گردی کے نام پر ہوگا اور یہ کہا جائے گا کہ دہشت گرد نے خودکش حملہ کیا اور عمران خان کو مار دیا۔‘
پشاور حملے کے بارے میں عمران خان کا کہنا تھا کہ ’پشاور میں بہت دردناک اور تکلیف دہ سانحہ ہوا ہے اور دہشت گردی پر پھر سے بات چیت شروع ہو گئی ہے، دہشت گردی میں آہستہ آہستہ کمی آئی تھی اور اب پھر اس میں اضافہ شروع ہو گیا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ماضی میں بھی خیبر پختونخوا پولیس نے بہت قربانیاں دیں اور جب ہم 2013 میں حکومت میں آئے تھے تو اس وقت تک صوبے کے 700 سے زائد پولیس اہلکار شہید ہو چکے تھے، افسوس کی بات یہ ہے کہ اتنا بڑا سانحہ ہوا ہے لیکن اس کو سیاسی بنایا جا رہا ہے۔‘

شیئر: