مجھے مارنے کے لیے آصف زرداری نے دہشت گرد تنظیم کو پیسے دیے ہیں: عمران خان
سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ’مجھے قتل کرنے کے لیے پلان سی بنایا گیا ہے جس کے پیچھے آصف علی زرداری ہے۔‘
جمعے کو اپنے ویڈیو خطاب میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ ’جو چار لوگ مجھے مارنا چاہتے تھے آصف زرادری اُن کے ساتھ ہے۔‘
انہوں نے الزام عائد کیا کہ ’آصف زرداری نے سندھ حکومت کا لُوٹا ہو پیسہ دہشت گرد تنظیم کو دیا ہے، ایک طاقتور ایجنسی کے لوگ سہولت کار ہیں۔ اب انہوں نے اگلی واردات کرنی ہے۔‘
مزید پڑھیں
عمران خان نے حکمراں جماعت کو موجودہ معاشی بحران کا ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے کہا ہے کہ ’اسحاق ڈار ملک کو وہاں لے گیا ہے جہاں پاکستان کی سلامتی کو خطرہ ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’سکیورٹی کی فکر ہر اُس پاکستانی کو ہے جس کا جینا مرنا اِس ملک میں ہے۔ مجھے خوف آرہا ہے کہ اِن کے ہوتے ہوئے معیشت مزید نیچے جائے گی۔‘
عمران خان نے دعویٰ کیا کہ ’جب ہماری حکومت کو ہٹایا گیا تو اس وقت معیشت اوپر جا رہی تھی، مجھے خوف آرہا ہے کہ انہوں نے پچھلے آٹھ ماہ میں کوئی سبق نہیں سیکھا۔ آصف زرداری اور شہباز شریف کو کیا فرق پڑتا ہے ان کا پیسہ تو باہر پڑا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’غلطی سدھارنے کا ایک ہی طریقہ تھا کہ شفاف الیکشن کرائے جاتے، شفاف الیکشن کی طرف جانے کے بجائے پاکستان مزید دلدل میں دھنستا جا رہا ہے۔‘
سابق وزیراعظم کے بقول ملک کو فاشزم کی طرف دھکیلا جا رہا ہے۔ ’آئی ایم ایف نے سری لنکا کو دیوالیہ ہونے پر کہا کہ اپنی 50 فیصد فوج کم کرو۔ معاشی ماہرین پاکستانی معیشت کی خطرناک تصویر بتا رہے ہیں۔‘
تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ ’اسحاق ڈار نے لندن سے آتے ہی بڑھکیں ماری تھیں، تاہم اب روپے کی قدر گِرنے سے پیٹرول اور ڈیزل 50 روپے مہنگا ہو جائے گا۔‘
انہوں نے نگراں وزیراعلٰی پنجاب کی تقرری پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ ’ہمارے بدترین مخالفین کو پنجاب اور خیبر پختونخوا میں بٹھا دیا گیا ہے جنہوں نے آتے ساتھ ہی ہمارے خلاف کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔‘