ترکیہ اور شام میں پیر کی صبح 7.8 شدت کے زلزلے نے کئی عمارتوں کو ملبے کا ڈھیر بنا دیا ہے جس کے نتیجے میں کم سے کم 2 ہزار 200 افراد ہلاک ہو گئے ہیں، جبکہ ہلاکتوں میں اضافے کے خدشات بھی ظاہر کیے جا رہے ہیں۔
خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق ترکی میں ایک ہزار 498 اور شام میں زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد کم از کم 716 ہو چکی ہے، جبکہ ہزاروں افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
مزید پڑھیں
-
’تباہی کا درست اندازہ‘، سیلاب زدہ علاقوں کی سیٹلائٹ سے مانیٹرنگNode ID: 700376
-
امریکی ریاست کیلی فورنیا میں طوفان سے ہونے والی تباہی تصاویر میںNode ID: 733706
ترکیہ کے سرکای ٹی وی کے مطابق زلزلے سے 10 صوبے متاثر ہوئے۔
ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوغان نے کہا کہ 912 افراد ہلاک ہوئے، پانچ ہزار 383 زخمی ہیں، اور 28 سو سے زائد عمارتیں زمین بوس ہو چکی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ابھی اس بات کا اندازہ نہیں لگایا جا سکتا کہ ہلاکتوں کی تعداد میں کتنا اضافہ ہو گا، امدادی کارروائیاں جا ری ہیں۔
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے ڈاکٹروں اور ریسکیو اہلکاروں پر مشتمل خصوصی ٹیم ترکی بھجوانے کا اعلان کیا ہے۔
ابتدائی زلزلے کے بعد ایک سو سے زیادہ آفٹر شاکس آئے جبکہ دن کے وقت ہی 7.7 شدت کا ایک جھٹکا بھی آیا جس سے ریسکیو کی کوششوں میں خلل پیدا ہوا۔
یورپی بحیرہ روم کے زلزلہ پیما مرکز (ای ایم ایس سی) نے کہا ہے کہ دوسرے بڑے زلزلے کا مرکز ضلع قاہرمان ماراش سے67 کلومیٹر پر تھا جس کی گہرائی 2 کلومیٹر ہے۔
شام کی وزارت صحت کے مطابق ایک ہزار سے زائد افراد زخمی ہیں۔
ترکیہ میں ایک زخمی خاتون کا کہنا تھا کہ ’ہمیں ایسا لگا کہ ہم جھولے میں بیٹھے ہیں۔ ہم نو افراد گھر میں تھے۔ میرے دو بیٹے ابھی تک ملبے کے نیچے ہیں، میں ان کا انتظار کر رہی ہوں۔‘
ترک حکام کے مطابق زلزلے کے زیادہ شدید جھٹکے ملک کے جنوب مشرقی حصے میں محسوس کیے گئے جہاں بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے۔
زلزلے کا مرکز ترکیہ کے جنوب میں واقع صوبے غازی انٹپ کا علاقہ نرداگی تھا جبکہ زلزلے کی گہرائی تقریباً 18 کلومیٹر تھی۔
جرمن ریسرچ سینٹر کی ابتدائی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت 7.8 تھی اور امریکی جیولوجیکل سروے (یو ایس جی ایس) کا بھی کہنا ہے کہ شدت 7.8 تھی۔
امریکن جیولوجیکل سروے کا کہنا ہے کہ ’زلزلہ مقامی وقت کے مطابق صبح چار بج کر 17 منٹ پر آیا جو کہ عالمی معیاری وقت جی ایم ٹی کے مطابق رات تقریباً سوا ایک بجے کا وقت کا بنتا ہے۔
زلزلے کے جھٹکے قبرص، یونان اور لبنان میں بھی محسوس کیے گئے۔
ترکیہ کی ڈیزاسٹر مینیجمنٹ ایجنسی کا کہنا ہے کہ زلزلے کی شدت سات اعشاریہ چار تھی جبکہ یو ایس جی ایس نے یہ بھی بتایا ہے کہ کچھ جھٹکے 15 منٹ بعد بھی محسوس کیے جن کی شدت چھ اعشاریہ سات تھی۔
یروشلم اور بیروت کے انٹرنیٹ صارفین نے بھی سوشل میڈیا پر پوسٹوں میں بتایا کہ وہاں بھی شدید جھٹکے محسوس ہوئے اور انہی کی وجہ سے ان کی آنکھ کھلی۔
صارف ناسپ نے لکھا کہ ’میں غازی انٹپ میں رہتا ہوں۔ میں سو رہا تھا جب جھٹکے لگنا شروع ہوئے جو بہت خوفناک تھے۔‘
ایمی ڈی نارڈو نے لکھا کہ ’یروشلم میں بھی جھٹکے محسوس ہوئے۔‘
پاکستان سے امدادی سامان سمیت ڈاکٹروں اور ریسکیو اہلکاروں کی ٹیم ترکیہ روانہ ہوگی
وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر امدادی سامان لے کر خصوصی طیارہ آج رات 10 بجے ترکیہ روانہ ہوگا۔
وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق سی 130 طیارہ چکلالہ ایئر بیس سے آرمی کی سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم لے کر براہ راست ترکیہ کے زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں پہنچے گا۔
7 فروری کی صبح پی آئی اے کی پرواز سے پچاس افراد اور 15 ٹن سامان ترکیہ روانہ ہوگا، ٹیم میں ریسکیو 1122 کے اہلکار شامل ہیں
سی 130 طیارہ 7 فروری کو ہی لاہور سے 7 ٹن امدادی سامان لے کر استنبول کے لیے روانہ ہوگا۔
پاکستانی ڈاکٹروں، پیرا میڈیکس اور ریسکیو اہلکاروں پر مبنی خصوصی ٹیمیں ترکیہ میں جاری ریسکیو اور مدد کے کاموں میں ہاتھ بٹانے کیلئے بھیجی جا رہی ہیں۔ بہت جلد ایک ہوائی جہاز بھی اشیاءِ ضروریہ اور ادویات لے کر ترکیہ رانہ کر دیا جائے گا۔ https://t.co/SyZbVd25NI
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) February 6, 2023