Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایشیا کپ میں عدم شرکت، انڈیا ہو گا اپنے لیے ہمیں کوئی فرق نہیں پڑتا: جاوید میانداد

جاوید میانداد نے آئی سی سی سے انڈیا کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے (فوٹو: ویڈیو گریب)
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان جاوید میانداد نے ایشیا کپ میں انٹین ٹیم کی عدم شرکت کے معاملے پر تبصرہ کرتے ہوئے انتہائی سخت ردعمل دیا ہے۔
پیر کو جاوید میانداد کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں وہ پاکستان میں ہونے والے ایشیا کپ میں انڈین ٹیم کی عدم شرکت کی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ ’نہیں آتے تو نہ آئیں ہمیں کوئی فرق نہیں پڑتا۔‘
مختلف سوالوں کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’انڈیا شکست کے خوف سے پاکستان سے کھیلنے سے کتراتا ہے۔ ان کا آڈینس بہت جذباتی ہے انڈین ٹیم کسی سے بھی ہارے تو وہ برداشت نہیں کرتے اور آگ لگا لیتے ہیں۔‘
جاوید میانداد نے مزید کہا کہ ’اگر انڈین ٹیم طے شدہ شیڈول کے مطابق کھیلنے پاکستان نہیں آتی تو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو ان کے خلاف ایکشن لینا چاہیے اور انہیں باہر کر دینا چاہیے۔‘
کرکٹ کے میدانوں میں اپنے منفرد انداز اور میدان سے باہر اپنی دوٹوک اور دلچسپ گفتگو کی شہرت رکھنے والے جاوید میانداد ایشیا کپ میں انڈین ٹیم کی شرکت سے بی سی سی آئی کے انکار پر خاصے غصہ میں دکھائی دیے۔
انہوں نے کہا کہ ’اگر آئی سی سی اس معاملے کو کنٹرول نہیں کر سکتی تو اس کے گورننگ باڈی ہونے کا کوئی مقصد نہیں۔ آئی سی سی کو چاہیے کہ قوانین تمام ملکوں کے لیے ہوں۔‘
’انڈیا تو اپنے لیے ہو گا، دنیا کے لیے یا ہمارے لیے نہیں ہے۔‘
انڈین ٹیم کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’آؤ کھیلو، کھیلتے نہیں ہیں کیونکہ ہارنے پر مصیبت ہو جاتی ہے۔‘ اپنے دور کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’ٓس وقت بھی اسی لیے نہیں کھیلتے تھے، شارجہ سے بھاگ گئے۔ ہارنے پر ان کے ہاں لڑائی جھگڑے ہو جاتے ہیں۔ وہاں کا کراؤڈ بڑا ناسٹی کراؤڈ ہے۔ جب ہم کھیلتے تھے تو ان کے ساتھ بہت مصیبت ہوئی ہو۔‘
انڈین ٹیم کی شکست پر کیا ردعمل ہو؟ پر مشورہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’کرکٹ کو کھیل ہی رکھیں اس میں ہار اور جیت ہوتی ہے۔‘
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو مشورہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی ٹیموں کو باہر کریں، ان کے خلاف ایکشن لیں وہ خود لائن پر آ جائیں گی۔‘

شیئر: