سعودی عرب میں ڈیتھ سرٹیفکیٹ اب آن لائن جاری ہوگا
قبرستانوں کی صفائی اور قبروں کی نمبرنگ بھی کی جارہی ہے( فائل فوٹو: عرب نیوز)
سعودی عرب میں طائف میونسپلٹی نے کہا ہے کہ ’آئندہ تجہیز و تکفین اور تدفین کی کارروائی کو آسان بنانے کے لیے ’ ڈیتھ سرٹیفکیٹ‘ آن لائن جاری ہوں گے۔ وزارت صحت کے ماتحت ہسپتالوں سے سرٹیفکیٹ پر انحصار نہیں کیا جائے گا‘۔
عکاظ اخبار کے مطابق طائف میونسپلٹی کے ماتحت ادارے ’اکرام الموتی‘ نے وزارت صحت کے ماہرین کے ساتھ اجلاس میں تدفین کے امور پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ اس موقع پر نیا طریقہ کار تیار کرنے اور انتظامات کا معاملہ بھی زیر بحث آیا۔
میونسپلٹی کا کہنا ہے کہ ’متوفی کے رشتہ داروں کو ہنگامی بنیاد پرڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری کرنے کا اہتمام کررہے ہیں۔ آئندہ ڈیتھ سرٹیفکیٹ آن لائن جاری ہو گا‘۔
مملکت میں اب تک وزرات صحت کے ماتحت ہسپتال ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری کررہے تھے۔
میونسپلٹی کا کہنا ہے کہ ’وہ متعدد قبرستانوں کے انتظامات کی نگرانی کررہی ہے۔ روزانہ کی بنیاد پر قبرستانوں کی انتظامیہ کو تدفین کے حوالے سے سہولت فراہم کرنے کی ہدایت دی جارہی ہے‘۔
’قبرستانوں کے احاطے کو اونچا کیا جارہا ہے اور نئے قبرستان قائم کیے جارہے ہیں جہاں قبر تیار کرنے، میت کو غسل دینے اور تجہیز و تکفین کے تمام انتظامات ہوں گے۔ قبرستانوں کی صفائی اور قبروں کی نمبرنگ بھی کی جارہی ہے‘۔