مکہ ریجن میں گودام پر تفتیشی کارروائی، غیر قانونی تارکین گرفتار
مکہ ریجن کی الجموم کمشنری میں گودام کو سیل کیا گیا ہے (فوٹو: ٹوئٹر وزارات تجارت)
سعودی وزارت تجارت کی تفتیشی ٹیموں نے مکہ ریجن کی الجموم کمشنری میں میک اپ کے سامان اور غذائی مصنوعات کی ری پیکنگ کرنے والے گودام پر چھاپہ مار کر غیر قانونی تارکین کو گرفتارکیا ہے۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق وزارت تجارت نے بیان میں کہا کہ ’غیر قانونی تارکین زائد المیعاد میک اپ کے سامان اور کھانے پینے کی اشیا پر نئی تاریخیں درج کررہے تھے‘۔
وزارت تجارت نے زائد المیعاد اشیا کے ایک لاکھ پندرہ ہزار سے زیادہ زائد پیکٹ تلف کرادیے۔ ان میں کھانے پینے کی اشیا، میک اپ کا سامان اور طبی لوازمات تھے۔
وزارت تجارت نے پیکٹس پر چسپاں کیے جانے والے 98 ہزار سٹیکرز اور 51 ہزار سے زیادہ پیکٹ،مہریں، سامان کی پیکنگ میں کام آنے والے آلات بھی ضبط کیے ہیں۔
وزارت تجارت کا کہنا ہے کہ’ مکہ مکرمہ ریجن کی الجموم کمشنری میں گودام سیل کیا گیا ہے۔ مکہ پولیس اور میونسپلٹی کے تعاون سے کارروائی کی گئی‘۔
بیان میں کہا گیا کہ ’غیر قانونی تارکین کو مقررہ سزائیں دلانے کے لیے متعلقہ اداروں کی تحویل میں دیا گیا جبکہ گودام کے مالک کو طلب کرلیا گیا۔ جعلسازی میں ملوث تمام افراد کے خلاف قانونی کارروائی سعودی ایف ڈی اے کے تعاون سے مکمل کی جائے گی‘۔