قیمتوں کی نگرانی، وزارت تجارت کے ایک ہفتے میں ایک ہزار 549 تفتیشی دورے
وزارت تجارت کے جاری کردہ ضوابط پرعمل کو یقینی بنایا گیا ہے( فائل فوٹو ایس پی اے)
سعودی وزارت تجارت کی تفتیشی ٹیموں نے گزشتہ ہفتے کے دوران مملکت کے تمام علاقوں میں اشیائے صرف کے نرخوں کی نگرانی کے لیے تجارتی مراکز پر 1549 تفتیشی کارروائیاں کی ہیں۔ 143 ہزار سے زیادہ اشیائے صرف و مصنوعات کے نرخ معلمو کیے گئے۔
الاقتصادیہ کے مطابق وزارت تجارت نے بیان میں کہا کہ’ 16 ہزار سے زیادہ تفتیشی دورے تجارتی مراکز، گوداموں اور مارکیٹوں میں کیے گئے۔‘
’اشیائے صرف اور مختلف مصنوعات کے نرخوں کے حوالے سے وزارت تجارت کے جاری کردہ ضوابط پرعمل کو یقینی بنایا گیا‘۔
وزارت تجارت کا کہنا ہے کہ’ 280 اشیا کے نرخوں کی نگرانی ای سسٹم کے ذریعے کی جا رہی ہے۔ کسی بھی خلاف ورزی پر متعلقہ ادارے کے خلاف فوری کارروائی کی جاتی ہے‘۔
وزارت تجارت کا کہنا ہے کہ ’تفتیشی دوروں کا ایک بڑا مقصد یہ جاننا بھی ہے کہ آیا مطلوبہ سامان وافر مقدار میں مہیا ہے یا نہیں۔ مختلف درجے کا ایک ہی سامان مارکیٹ میں موجود ہو تاکہ صارفین اپنے بجٹ کے دائرے میں سامان خرید سکیں اور ان کے حقوق محفوظ ہوں‘۔