Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

توشہ خانہ کیس، عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور

الیکشن کمیشن کے وکیل نے عمران خان کی غیرحاضری پر اعتراض کیا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
اسلام آباد کی مقامی عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس کے فوجداری مقدمے میں سابق وزیراعظم عمران خان کی آج حاضری سے استثنٰی کی درخواست منظور کر لی ہے۔
منگل کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں سابق وزیراعظم عمران خان کے وکلا نے طبی بنیادوں پر حاضری سے استثنٰی کی درخواست دائر کی تھی۔
ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے تاحال پی ٹی آئی وکلاء کو تصدیق شدہ کاپیاں فراہم نہیں کی گئیں۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے پی ٹی آئی وکلاء کو تصدیق شدہ کاپیاں فراہم کرنے کے بعد فردِ جرم کی اگلی تاریخ مقرر کی جائے گی۔
سماعت کے دوران جج نے ریمارکس دیے کہ ’ایسے حاضری سے استثنٰی کی درخواست دائر ہوتی رہی تو فرد جرم کیسے عائد ہوگی؟‘
الیکشن کمیشن کے وکیل نے اعتراض کیا کہ عمران خان ابھی تک عدالت کیوں نہں آئے؟
عمران خان کے وکیل علی بخاری نے عدالت سے درخواست کی کہ 15’ فروری کو جج رخشندہ شاہین کی عدالت میں عمران خان کی پیشی ہے، اس کے بعد کی تاریخ دے دیں۔‘
جج نے استفسار کیا کہ کیا عمران خان نے 15 فروری کو جج رخشندہ شاہین کی عدالت میں آنا ہے؟
جج کا کہنا تھا کہ ’مجھے ایک تاریخ بتا دیں کہ عمران خان کب عدالت آئیں گے؟‘
وکیل علی بخاری کا کہنا تھا کہ ’عمران خان کی صحت نے اجازت دی تو آئیں گے۔ ڈاکٹرز کی ہدایت پر عمل کر رہے ہیں۔‘
ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے عمران خان کی آج حاضری سے استثنٰی کی درخواست منظور کر لی۔
 
 

شیئر: