Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمران خان کا اپنے کارکنان کو ’جیل بھرو تحریک‘ کی تیاری کا پیغام

پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے اپنے کارکنان اور حامیوں کو ’جیل بھرو تحریک‘ کے لیے تیار رہنے کا پیغام دیا ہے۔
سنیچر کو اپنے آن لائن خطاب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ توڑ پھوڑ کرنے اور سڑکوں پر نکلنے سے بہتر ہے کہ جیل بھرو تحریک کی تیار کر لیں۔ ’میں کال دوں گا اور ہم سب ایک ہی دن گرفتاریاں دیں گے، قوم تیار رہے۔‘
’میں کال دوں گا، تمام کارکنان جیل بھرو تحریک کی تیاری کریں۔‘
انہوں نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انہیں مخالفین کو جیلوں میں ڈالنے کا شوق ہے تو انہیں یہ شوق پورا کر لینے دیں، جیل بھر دیں گے۔
’اگر یہ سمجھتے ہیں کہ ہمیں اس سے خوفزدہ کر دیں گے۔ ہم کسی طرح چھپ کر کے پیچھے ہٹ جائیں گے اور اجازت دے دیں گے ان چوروں کو پھر سے مسلط کرنے کے لیے تو ان کا شوق پورا کر دیتے ہیں۔‘
عمران خان نے اپنے آن لائن خطاب میں کہا کہ ملک میں تب تک معاشی استحکام نہیں آ سکتا جب تک سیاسی استحکام نہ آئے۔
ان کا کہنا تھا کہ جو بھی 90 دن گزرنے کے بعد حکومت میں بیٹھے گا، اس پر آرٹیکل چھ لگے گا کیونکہ جو حکومت ہو گی وہ غیرآئینی ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ ان کے خلاف 60 مقدمات درج ہیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ان کے مخالف پولیس اور سرکاری افسران کو لایا گیا ہے۔
’الیکشن کمیشن بھی ان کا، نگراں حکومتیں بھی ان کی اور پیچھے سے مدد بھی آ رہی ہے۔‘

شیئر: