Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گلگت سے راولپنڈی جانے والی بس حادثے کا شکار، 25 افراد ہلاک

حادثے کا شکار ہونے والی بس میں 50 مسافر سوار تھے (فوٹو: جی بی پولیس)
گلگت سے راولپنڈی جانے والی بس کوہستان کے علاقے شتیال میں حادثے کا شکار ہو گئی جس کے نتیجے میں 25 افراد ہلاک اور 15 کے قریب زخمی ہوئے ہیں۔
پولیس کے مطابق شتیال کے قریب شاہراہ قراقرم پر مسافر بس اور کار کا آپس میں خوفناک تصادم ہوا۔ تصادم کے نتیجے میں مسافروں سے بھری بس اور کار گہری کھائی میں جا گری۔
حادثے کا شکار ہونے والی بس میں 50 مسافر، جبکہ کار میں 5 افراد سوار تھے۔
مقامی افراد اور پولیس اہلکار امدادی کارروائیاں مصروف ہیں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔ گہری کھائی میں گرنے کی وجہ سے رات کے اندھیرے میں ریسکیو کرنے میں دشواری کا سامنا ہے۔
ایس پی دیامر شیر خان نے کہا ہے کہ امدادی ٹیمیوں کو ایمبولینسز کے ہمراہ جائے حادثے پر روانہ کر دیا گیا ہے۔ حادثے کے باعث زیادہ اموات اور زخمیوں کا خدشہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حادثے کی اطلاع پر آر ایچ کیو ہسپتال چلاس میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ لوگ پولیس کے جوانوں اور مقامی افراد کو  امدادی کارروائیوں میں بھر پور مدد کریں۔

شیئر: