Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹرافی ہنٹنگ: چترال میں کینیڈین شکاری کے ہاتھوں سیزن کا دوسرا مارخور شکار

شکار ہونے والے مارخور کے سینگوں کی لمبائی 43 انچ تھی۔ فوٹو: بشکریہ محکمہ وائلڈ لائف
صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع چترال میں ٹرافی ہنٹنگ کے تحت کینیڈا سے تعلق رکھنے والے شکاری تھومس رینیٹو مارٹنی نے قومی جانور مارخور کا کامیاب شکار کیا۔
وائلڈ لائف لوئر چترال کے اہلکار نے اردو نیوز کو بتایا کہ مارخور کی عمر 11 سال جبکہ سینگوں کی لمبائی 43 انچ تھی۔
کشمیر مار خور کا شکار چترال کے توشی ساشا کمیونٹی ریزرو ایریا میں کیا گیا۔
شکار کے وقت کینیڈین شکاری کے ہمراہ وائلڈ لائف حکام بھی موجود تھے۔ 
واضح رہے کہ رواں سیزن کے دوران ٹرافی ہنٹنگ کا یہ دوسرا شکار ہے۔ اس سے پہلے 12 دسمبر کو امریکی شکاری نے 45 انچ لمبے سینگوں والے مارخور کا شکار کیا تھا۔
مارخور کا شکار ٹرافی ہنٹنگ پروگرام کے تحت کیا جاتا ہے جو نومبر سے لے کر اپریل تک جاری رہتا ہے۔
ٹرافی ہنٹنگ میں بھاری معاوضے کے عوض بولی لگا کر شکار کے لیے چند لائسنس جاری کیے جاتے ہیں۔
قومی جانور مارخور کے شکار کے لیے ایک لاکھ ڈالر سے زیادہ کی بولی لگائی جاتی ہے جو پاکستانی روپے میں ایک کروڑ سے زائد بنتے ہیں۔
مارخور کے شکار سے ہونے والی آمدنی کا زیادہ حصہ مقامی کمیونٹی پر خرچ کیا جاتا ہے۔
خیال رہے 8 نومبر کو پاکستان کے محکمہ جنگلی حیات نے کشمیر مارخور کی ٹرافی ہنٹنگ کے چار پرمٹس تین لاکھ 92 ہزار ڈالر (آٹھ کروڑ 68 لاکھ 86 ہزار) میں نیلام کیے تھے۔

شیئر: