رواں سال ہونے والے سعودی ریڈ سی فلم فیسٹیول کی تاریخوں کا اعلان
جمعرات 9 فروری 2023 20:57
گزشتہ برس ریڈ سی فیسٹیول میں 66 ممالک کی 143 فلمیں دکھائی گئیں (فوٹو: ریڈ سی فلم)
سعودی عرب کے ’ریڈ سی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول‘ (آرسیف) کے رواں سال ہونے والے ایڈیشن کی تاریخوں کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق گزشتہ برس دسمبر میں ہونے والے کامیاب ریڈ سی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کے بعد رواں سال اس کا نیا ایڈیشن 30 نومبر سے 9 دسمبر تک مملکت کے شہر جدہ میں منعقد ہو گا۔
گزشتہ سال ہونے والے آرسیف کے ایڈیشن کو بھرپور پذیرائی ملی، جس میں 66 ممالک کی 143 فلموں کو 39 ہزار سے زائد فلم بینوں اور 4 ہزار سے زائد شعبہ فلم سے تعلق رکھنے والے افراد، صحافیوں اور طلبہ نے دیکھا۔
آرسیف کے دوسرے ایڈیشن میں سعودی عرب، عرب دنیا، ایشیا اور افریقہ کی فلموں پر روشنی ڈالی گئی۔
فلم فیسٹیول میں آسکرز ایوارڈز جیتنے والے فلم میکر اولیویر سٹون بھی اُس جیوری کا حصہ تھے جس نے فلم میکرز کو 13 یسر ایوارڈز دیے۔
گزشتہ ایڈیشن میں بہترین فیچر فلم کا گولڈن یسر ایوارڈ ’ہینگنگ گارڈنز‘ نامی فلم کو ملا تھا جس کی ہدایت کاری احمد یاسین الدرادجی نے کی تھی جبکہ بہترین سعودی فلم کا آیڈیئنس ایوارڈ ہدایت کار زیاد الحسینی کی فلم ’ہاؤ آئی گاٹ دیر‘ نے جیتا تھا۔
ریڈ سی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کے سی ای او محمد الترکی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ’ہمارا دوسرا ایڈیشن بہت بڑی کامیابی تھا اور اِس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ ریڈ سی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول ایک گلوبل ایوںٹ بنتا جا رہا ہے جس پر ہمیں فخر ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ہم ان تمام لوگوں کے ممنون ہیں جنہوں نے ہمارے ساتھ تعاون کیا۔ ہم ابھی بھی ایک نئے فلم فیسٹیول کے طور پر راہیں تلاش کر رہے ہیں تاہم ہمیں مقامی کمیونٹی، علاقائی اور بین الاقوامی مہمانوں سے ملنے والی پذیرائی پر بے حد خوشی ہے۔‘
’ہم ہالی وُڈ، بالی وُڈ، جنوبی کوریا، افریقہ اور عرب سنیما کی بڑی آوازوں کو اپنے ساتھ لے کر بہت خوشی محسوس کر رہے ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’ہم اُن کے تجربات کو سعودی عرب کی تخلیقی نئی نسل کو بڑے پردے پر دکھا رہے ہیں، جو دنیا بھر کی فلم انڈسٹریز کی توجہ حاصل کر رہی ہیں۔‘