Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نامور ادیب و شاعر امجد اسلام امجد انتقال کر گئے، ’اردو شاعری کے لیے اُداس دن‘

امجد اسلام امجد طویل عرصے تک تدریس کے شعبے سے منسلک رہے۔ (فوٹو: فیس بک)
پاکستان کے معروف شاعر، ڈرامہ نگار اور کالم نویس امجد اسلام امجد لاہور میں انتقال کر گئے ہیں۔
جمعے کو امجد اسلام امجد کے اہل خانہ نے ان کے انتقال کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ وہ کچھ عرصے سے علیل تھے۔
امجد اسلام امجد چار اگست 1944 کو لاہور میں پیدا ہوئے۔ وہیں پلے بڑھے اور 1967 میں پنجاب یونیورسٹی سے ایم اے اردو کیا اور اس کے بعد شعبہ تدریس سے وابستہ ہو گئے۔
وہ 1968 سے 1975 تک ایم اے او کالج لاہور کے شعبہ اردو سے بطور مدرس منسلک رہے۔
اگست 1975 میں پنجاب آرٹس کونسل کے ڈائریکٹر مقرر کیے گئے۔
90 کی دہائی میں دوبارہ شعبہ درس و تدریس سے منسلک ہوئے اور ایم اے او کالج میں پڑھانا شروع کیا۔
اس کے بعد وہ چلڈرن کمپلیکس کے ڈائریکٹر بھی بنے اور وہیں سے ریٹائرڈ ہوئے۔
1975 میں ان کو ٹی وی ڈرامے ’خواب جاگتے ہیں‘ پر گریجویٹ ایوارڈ دیا گیا۔
ان کے مشہور ڈراموں میں وارث، دن، فشار، انکار اور دیگر شامل ہیں جبکہ اشعار کی متعدد کتابیں بھی شائع ہو چکی ہیں۔
ان کو ستارہ امتیاز اور تمغہ حسن کارکردگی سمیت کئی دیگر اہم انعامات سے بھی نوازا گیا۔
امجد اسلام امجد کی وفات پر پاکستان کی حکومت سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات اور مداحوں نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے ٹویٹ کیا کہ آج معروف شاعر اور دانشور امجد اسلام امجد کی وفات کی صورت میں اردو ادب کا ایک عظیم دور ختم ہو گیا۔
سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے ٹویٹ کیا کہ ’امجد اسلام امجد کے انتقال سے آج اردو شاعری اور پاکستان کو بڑا نقصان  ہوا ہے۔‘
اسی طرح صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے بھی ان کے اشعار اپنی ٹویٹ میں شامل کیے۔
شاکر حسین شاہ نے اپنی ٹویٹ میں امجد اسلام امجد کی غزل ’کہاں آ کے رکنے تھے راستے‘ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ان کا جانا ایک بہت بڑا نقصان ہے۔
ادکار و ماڈل عمران عباس نے امجد اسلام امجد کی اپنے اور انڈین شاعر جاوید اختر کے ساتھ تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’ایک عہد تمام ہوا۔ آج اردو شاعری کے لیے اداس ترین دن ہے۔‘
وزارت اطلاعات و نشریات کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر بھی تعزیت کا اظہار کیا گیا ہے۔ وزارت اطلاعات و نشریات کے مطابق ’انہیں اپنی خوبصورت شاعری کی بدولت ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔‘
 

شیئر: