مشرف کی چترال میں مقبولیت، جیل بھرو تحریک اور آئی ایم ایف سے مذاکرات سمیت گزشتہ ہفتے پاکستان کی اہم خبریں
مشرف کی چترال میں مقبولیت، جیل بھرو تحریک اور آئی ایم ایف سے مذاکرات سمیت گزشتہ ہفتے پاکستان کی اہم خبریں
ہفتہ 11 فروری 2023 0:10
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
آلٹو وی ایکس کی قیمت 18 لاکھ 59 ہزار سے بڑھا کر 20 لاکھ 34 ہزار کر دی گئی ہے۔ (فائل فوٹو: سوزوکی)
پاکستان میں گذشتہ ہفتے سابق فوجی صدر پرویز مشرف کی وفات و تدفین، اسلام آباد کے ایف نائن پارک میں اجتماعی زیادتی کا واقعہ، آئی ایم ایف مذاکرات، سوزوکی کی گاڑیوں کی قیمت میں اضافے اور پی ٹی آئی کی ’جیل بھرو تحریک‘ سے متعلق خبریں لوگوں کی توجہ کا مرکز رہیں۔
جنرل (ر) پرویز مشرف کی تدفین، کئی دیرینہ ساتھی جنازے میں شریک نہ ہوئے
پاکستان کے ساحلی شہر کراچی کے اولڈ ایئرپورٹ ٹرمینل ون کے باہر سخت سکیورٹی کے حصار میں ساتھیوں کے ساتھ کھڑا صحافی پاکستان کے سابق فوجی حکمران جنرل پرویز مشرف کی میت کا انتظار کر رہا تھا۔
اولڈ ایئرپورٹ کا یہ ٹرمینل ون جنرل پرویز مشرف کی زندگی میں بہت زیادہ اہمیت کا حامل رہا ہے۔ ان کی اس ٹرمینل سے آمد 1999 اور 2013 میں بھی ہوئی تھی۔
تاہم 1999 اور 2013 میں ان آمد سے 6 فروری 2023 کی آمد اس لیے مختلف ہے کہ پہلے جنرل پرویز مشرف ملک پر فوجی قبضے کے بعد بطور فوجی حکمران اور 2013 میں سیاسی اننگز شروع کرنے آئے تھے اور 6 فروری کو ان کی میت کو تدفین کے لیے لایا جا رہا تھا۔
چترال جہاں پرویز مشرف آج بھی مقبول ہیں، ’احسان کا بدلہ تو اتارنا ہے نا‘
جنرل مشرف نے 2013 کے انتخابات میں قومی اسمبلی کی چار نشستوں سے انتخابات لڑنے کے لیے کاعذات نامزدگی جمع کرائے جن میں اسلام آباد اور کراچی سمیت چترال کا حلقہ بھی شامل تھا۔
پارٹی کی جانب سے بائیکاٹ کے باوجود چترال کی واحد قومی اسمبلی کی نشست اور دو صوبائی اسمبلی کی نشستوں میں سے ایک پر جنرل مشرف کی جماعت اے پی ایم ایل کے امیدوار کامیاب ہوئے تھے۔ یہ سابق فوجی حکمران جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کی اس علاقے میں مقبولیت کا ثبوت تھا۔
اسلام آباد کے ایف نائن پارک میں لڑکی کے ساتھ مبینہ اجتماعی زیادتی
اسلام آباد کے ایف نائن پارک میں ایک لڑکی کے ساتھ مبینہ اجتماعی زیادتی کا واقعہ سامنے آیا ہے۔
چار فروری کو تھانہ مارگلہ کی پولیس نے کہا ہے کہ یہ واقعہ جمعرات دو فروری کو شام آٹھ بجے کے بعد پیش آیا جب متاثرہ لڑکی اپنے دوست کے ساتھ واک کے لیے گئی تھی۔
متاثرہ لڑکی نے پولیس کو دیے گئے بیان میں کہا ہے کہ ایف نائن پارک میں دو مسلح افراد نے ان کو ڈرا دھمکا کر زیادتی کا نشانہ بنایا۔
آئی ایم ایف بیوروکریٹس کے اثاثے ظاہر کرنے کا مطالبہ کیوں کر رہا ہے؟
پاکستان اور آئی ایم ایف حکام کے درمیان گزشتہ ایک ہفتے سے مذاکرات کا دور جاری ہے۔ آئی ایم ایف حکام نے مختلف شرائط حکومت پاکستان کے سامنے رکھی ہیں، ان میں سے ایک شرط بیورو کریٹس کے اثاثوں کی تفصیلات فراہم کرنا بھی ہے۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے آئی ایم ایف کی شرط پر عملدرآمد کرتے ہوئے سرکاری افسران کے لیے اپنے اثاثے ظاہر کرنے کو لازمی قرار دے دیا ہے۔
ایف بی آر کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق گریڈ 17 سے 22 تک کے تمام سرکاری افسران اور اُن کے اہل خانہ کو اندرون و بیرون ملک میں موجود اثاثے ڈکلیئر کرنے کا پابند بنایا گیا ہے۔
سوزوکی کا قیمتیں بڑھانے کا اعلان، اب کون سا ماڈل کتنے میں ملے گا؟
پاکستان میں گاڑیوں کی قیمتیں بڑھنے کا سلسلہ جاری ہے۔ ہنڈا اور ٹویوٹا کے بعد سوزوکی نے بھی اپنی گاڑیوں کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کیا ہے جن کا اطلاق آج سے ہو گا۔
بدھ کو سوزوکی کی جانب سے جاری کی جانے والی تفصیلات میں گاڑیوں کی قیمتوں کے حوالے سے تفصیلات بتائی گئی ہیں۔
کمپنی کے مطابق آلٹو وی ایکس کی قیمت 18 لاکھ 59 ہزار سے بڑھا کر 20 لاکھ 34 ہزار کر دی گئی ہے۔ اسی طرح آلٹو وی ایکس آر کی نئی قیمت 23 لاکھ 59 ہزار کر دی گئی ہے جبکہ اس سے قبل یہ 21 لاکھ 56 ہزار میں دستیاب تھی۔
’جیل بھرو تحریک‘ کیا ہوتی ہے اور اس کی کامیابی کے امکانات کیا ہیں؟
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے ملک میں جیل بھرو تحریک کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ پارٹی کارکن تیار رہیں وہ اس کے لیے جلد کال دیں گے۔
سنیچر کو اپنے آن لائن خطاب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ توڑ پھوڑ کرنے اور سڑکوں پر نکلنے سے بہتر ہے کہ جیل بھرو تحریک کی تیاری کر لیں۔ ’میں کال دوں گا اور ہم سب ایک ہی دن گرفتاریاں دیں گے، قوم تیار رہے۔‘
ذیل میں جائزہ لیتے ہیں کہ جیل بھرو تحریک کیا ہے؟ پاکستان میں کب کب یہ تحریک چلی؟ کیا جیل بھرو تحریک مقاصد کے حصول میں کبھی کامیاب بھی ہوئی ہے؟