Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

زلزلہ متاثرین کی بحالی، اقوام متحدہ کی شام میں ’فوری جنگ بندی‘ کی اپیل

اقوام متحدہ کے ورلڈ فوڈ پروگرام (ڈبلیو ایف پی) نے ترکیہ اور شام کے آٹھ لاکھ 74 ہزار زلزلہ متاثرین کی مدد کے لیے سات کروڑ 70 لاکھ ڈالرز کی رقم فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ڈبلیو ایف پی کی جانب سے جمعے کی اپیل کے بعد اقوام متحدہ نے شام میں امدادی سرگرمیوں کو آسان بنانے کے لیے فوری جنگ بندی کا مطالبہ بھی کیا ہے۔
ڈبلیو ایف پی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ’ترکیہ میں گھروں سے محروم ہونے والے افراد کی تعداد پانچ لاکھ 90 ہزار جبکہ شام میں دو لاکھ 84 ہزار تک پہنچ چکی ہے۔ اور اس میں چار ہزار 500 تارکین وطن بھی شامل ہیں۔‘
واضح رہے کہ پیر کو ہونے والے اس زلزلے میں ہلاکتوں کی تعداد 22 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے اور یوں یہ اس خطے میں صدی کا بدترین زلزلہ ہے۔
ڈبلیو ایف پی نے  مزید کہا ہے کہ گزشتہ چار دونوں میں ترکیہ اور شام میں ایک لاکھ 15 ہزار افراد کو خوراک فراہم کی گئی ہے۔
ڈبلیو ایچ او کے ریجنل ڈائریکٹر کورین فلیشر نے کہا ہے کہ ’زلزلے سے متاثر ہونے والے ہزاروں افراد کو اس وقت سب سے زیادہ ضرورت خوراک کی ہے۔ وہاں کھانا تیار کرنے کا کوئی انتظام نہیں ہے۔‘
بیان کے مطابق ’شام کے شورش زدہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن کافی مشکلات کا شکار ہے۔ وہاں ڈبلیو ایچ او اب تک 43 ہزار افراد تک پہنچ سکا ہے۔‘
’امدادی سرگرمیوں کے لیے شام میں فوری سیز فائر کیا جائے‘

ترکیہ اور شام میں آنے والے زلزلے میں ہلاکتوں کی تعداد 22 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے (فوٹو: اے ایف پی)

اے ایف پی کے مطابق اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کے دفتر نے جمعے ہی کو کہا ہے کہ شام کے زلزلے سے متاثر علاقے میں موجود افراد کی مدد کے لیے ضروری ہے کہ فوری طور پر جنگ بندی کی جائے۔
اقوام متحدہ کے رائٹس آفس کی ٹوئٹ کے مطابق ’چیف وولکر ترک نے شام میں فوری جنگ بندی، انسانی حقوق کے احترام اور اس حوالے سے بین الاقوامی کی مکمل احترام کی اپیل کی ہے۔‘

امریکہ کا 85 ملین ڈالر مدد کا اعلان

امریکہ نے دونوں ملکوں کے متاثرہ علاقوں کے لیے ابتدائی طور پر 85 ملین ڈالر کے امدادی ایمرجنسی پیکج کا اعلان کیا ہے۔
خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس امریکہ کی ایجنسی برائے بین الاقوامی ترقی نے کہا ہے کہ یہ امداد متاثرہ علاقوں میں کام کرنے والے شراکت داروں کو فراہم کی جا رہی ہے تاکہ لاکھوں ضرورت مندوں کو فوری طور پر خوراک، شیلٹر اور صحت کی ہنگامی سہولیات مہیا کی جا سکیں۔

پاکستان کا 10 ارب روپے کا سامان بھیجنے کا اعلان

پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے جمعے کو ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین کی مدد کے لیے 10 ارب روپے(تین کروڑ 68 لاکھ ڈالر) کے فنڈ کا اعلان کیا ہے۔

زلزلے سے متاثر ہونے والے بے گھر افراد کو تیار کھانے کے پیکجز کی فوری ضرورت ہے (فوٹو: اے ایف پی)

وزیراعظم شہباز شریف نے لاہور سے امدادی سامان پر مشتمل ایک جہاز ترکیہ روانہ کرنے کے موقعے پر صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ ’وفاقی حکومت نے ترکیہ میں ضرورت مند بھائیوں اور بہنوں  کی مدد کے لیے 10 ارب روپے مختص کیے ہیں۔‘

شیئر: