ترکیہ زلزلہ: مملکت کی جانب سے ریسکیو ٹیموں اور آلات کی ترسیل
سعودی ٹیم زلزلہ زدگان کی مدد کے لیے پہنچ گئی ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب نے ترکیہ میں آنے والے تباہ کن زلزلے سے منہدم ہونے والی عمارتوں کے ملبے تلے ممکنہ طور پر زندہ بچنے والے افراد کی تلاش میں حصہ لینے کے لیے امدادی ٹیمیں، آلات اور سازوسامان کی ترسیل شروع کر دی۔
الاخباریہ چینل کے مطابق خادم حرمین شریفین شاہ سلمان، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی ہدایت پر سعودی ٹیم زلزلہ زدگان کی مدد کے لیے پہنچ گئی ہے۔
کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے پہلا سعودی طیارہ امدادی سامان لے کر جمعرات کی صبح چھ بجے ترکیہ اور شام کے لیے روانہ کردیا گیا تھا۔ مزید چار طیارے امدادی سامان لے جانے کے لیے تیار ہیں۔
یاد رہے کہ خادم حرمین شریفین اور ولی عہد کنگ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کو ہدایات جاری کی تھیں کہ زلزلہ زدگان کی مدد کے لیے فضائی پل قائم کیا جائے۔ ادویہ، طبی لوازمات، اور عام ضروریات کا سامان ہنگامی بنیادوں پر بھیجا جائے اور ساھم پورٹل کے ذریعے زلزلہ زدگان کی مدد کی خاطر عطیات مہم چلائی جائے۔