’چین کی علاقائی بالادستی کا مقابلہ‘ ، انڈیا کے طویل ترین ایکسپریس وے کا افتتاح
’چین کی علاقائی بالادستی کا مقابلہ‘ ، انڈیا کے طویل ترین ایکسپریس وے کا افتتاح
اتوار 12 فروری 2023 17:11
انڈیا کے وزیراعظم نریندر مودی نے اتوار کو ایکسپریس وے کے پہلے مرحلے کا افتتاح کیا (فوٹو: ٹوئٹر، وزیراعظم آفس انڈیا)
انڈیا کی حکومت نے اتوار کو دارالحکومت دہلی کو ممبئی سے ملانے والے ملک کے طویل ترین ایکسپریس وے کے پہلے مرحلے کا افتتاح کیا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق 13 ارب ڈالر لاگت کا یہ منصوبہ دہلی اور ممبئی کے درمیان سفر کے دورانیے کو نصف تک کم کر دے گا اور اس کے بعد یہ سفر صرف 12 گھنٹوں کا رہ جائے گا۔
انڈیا اپنے علاقائی حریف چین کے ساتھ معاشی میدان میں مقابلے کے لیے اپنے دہائیوں پرانے انفراسٹرکچر کو بہتر کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
اس نئی چار رویہ شاہراہ پر نصب سائن بورڈ پر ’دہلی۔ ودودارا ، ممبئی ایکسپریس وے‘ کے الفاظ درج ہیں جبکہ اس رُوٹ کی کل لمبائی 1386 کلومیٹر (861 میل) ہے۔
انڈیا کے وزیراعظم نریندر مودی نے اتوار کو اس کے پہلے مرحلے (شروع کے 246 کلومیٹر کے روٹ) کا افتتاح کیا جو دہلی کو راجستھان کے شہر جے پور سے ملائے گا۔
نریندر مودی نے اس موقعے پر کہا کہ یہ ’انڈیا میں ترقی کی علامت‘ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’ریل ویز، ہائی ویز ، سَب وے لائنز اور فضائی اڈوں پر اس قسم کی سرمایہ کاری ملک کی پیداواری صلاحیت کو بڑھانے کے ساتھ ساتھ مزید سرمایہ کاری اور نئی ملازمتیں پیدا کرنے کا سبب بنے گی۔‘
واضح رہے کہ 2020 میں لداخ کے میں لائن آف ایکچوئل کنٹرول پر چین کے ساتھ جھڑپوں کے بعد انڈیا اپنی داخلی سپلائی چین کو بہتر بنانے کی کوشش کر رہا ہے اور اس کا مقصد چین کی بالادستی کا مقابلہ کرنا ہے۔
نریندر مودی کی حکومت نے حالیہ عرصے میں ناصرف کئی ایک اہم منصوبوں پر کام شروع کیا ہے بلکہ انفرسٹرکچر پر اٹھنے والے اخراجات میں 33 فیصد تک اضافہ بھی کیا ہے۔
اے ایف پی کے مطابق توقع کی جا رہی ہے کہ آئندہ چند ماہ میں انڈیا کے وزیراعظم نریندر مودی ریل ویز، ہائی ویز، ایکسپریس ویز اور بندرگاہوں کے کم از کم ایک درجن نئے منصوبوں کا افتتاح کریں گے۔