Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نازیبا ویڈیوز وائرل کرنے کا مقدمہ، عامر لیاقت کی اہلیہ دانیہ شاہ کی ضمانت منظور

قبل ازیں کراچی کی سیشن عدالت نے دانیہ شاہ کی ضمانت مسترد کر دی تھی (فائل فوٹو: سکرین گریب)
معروف ٹی وی اینکر اور سیاست دان ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کی تیسری اہلیہ دانیہ شاہ کی ضمانت منظور ہو گئی ہے۔
منگل کو سندھ ہائی کورٹ نے ملزمہ کی درخواست ضمانت پر فیصلہ سناتے ہوئے دو لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ان کی ضمانت منظور کر لی ہے۔
ملزمہ دانیہ شاہ کو عامر لیاقت کی نازیبا ویڈیوز وائرل کرنے کے مقدمے میں گزشتہ برس دسمبر میں پنجاب کے ضلع لودھراں سے گرفتار کیا گیا تھا۔
قبل ازیں کراچی کی سیشن عدالت نے دانیہ شاہ کی ضمانت مسترد کر دی تھی۔
ایف آئی اے سائبر کرائم رپورٹنگ سینٹر نے عامر لیاقت کی بیٹی دعا عامر کی درخواست پر پاکستان الیکٹرانک کرائم ایکٹ 2016 کی دفعات 20، 21 اور 24 کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔
جولائی 2022 میں ایف آئی اے میں عامر لیاقت کی بیٹی دعا عامر کی جانب سے دی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ ’دانیہ شاہ نے اپنی والدہ اور لالچی گینگ کے ساتھ مل کر میرے بابا عامر لیاقت کو پیسوں کے لالچ میں بلیک میل کیا، ان کی نامناسب ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کیں۔‘
درخواست میں مزید کہا گیا تھا کہ ’ویڈیوز اتنی وائرل ہوئیں کہ میرے بابا عامر لیاقت شدید اذیت اور ڈپریشن میں رہنے لگے تھے اور انہوں نے گوشہ نشینی اختیار کر لی تھی۔ دانیہ اور ان کی والدہ دیگر لوگوں کے ساتھ مل کر گینگ چلا رہی ہیں۔ چند ماہ کی شادی میں انہوں نے کروڑوں روپے اینٹھ لیے۔‘
 

شیئر: