Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’عامر لیاقت کو بلیک میل کیا‘،دانیہ شاہ کےخلاف ایف آئی اے میں درخواست

درخواست میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ ’دانیہ شاہ اور ان کی والدہ کے خلاف ایکشن لیا جائے‘ (فائل فوٹو: عامر لیاقت ٹوئٹر)
ڈاکٹر عامر لیاقت کی بیٹی دعا عامر اور سابق اہلیہ بشری اقبال نے دانیہ شاہ اور ان کی والدہ کے خلاف ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل میں درخواست جمع کرا دی ہے۔
جمعے کو ایف آئی اے میں دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ’دانیہ شاہ نے اپنی والدہ اور لالچی گینگ کے ساتھ مل کر میرے بابا عامر لیاقت کو پیسوں کے لالچ میں بلیک میل کیا، ان کی نامناسب ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کیں۔‘
درخواست میں کہا گیا ہے کہ ’ویڈیوز اتنی وائرل ہوئیں کہ میرے بابا عامر لیاقت شدید اذیت اور ڈپریشن میں رہنے لگے تھے اور انہوں نے گوشہ نشینی اختیار کر لی تھی۔ دانیہ اور ان کی والدہ دیگر لوگوں کے ساتھ مل کر گینگ چلا رہی ہیں۔ چند ماہ کی شادی میں انہوں نے کروڑوں روپے اینٹھ لیے۔‘
ایف آئی اے سائبر کرائم میں جمع کرائی گئی درخواست میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ دانیہ شاہ اور ان کی والدہ کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔‘
دعا عامر نے اُردو نیوز کو تصدیق کی ہے کہ دانیہ شاہ اور ان کی والدہ کے خلاف وفاقی تحقیقاتی ادارے کے سائبر کرائم سرکل سے رابطہ کیا ہے۔
اس سے قبل منگل کے روز عامر لیاقت کی تیسری اہلیہ دانیہ شاہ نے اپنی والدہ کے ذریعے سے ایک درخواست سندھ ہائی کورٹ میں دائر کی تھی جس میں ان کی موت کی وجہ جاننے کے لیے پوسٹ مارٹم کرنے کی استدعا کی گئی تھی۔
عدالت نے درخواست کو منظور کرتے ہوئے 28 جولائی کو سماعت مقرر کی تھی۔

شیئر: