Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ترکیہ اور شام میں زلزلہ: 11 روز بعد تین افراد ملبے سے نکال لیے گئے

زلزلے کے بعد لاکھوں افراد بے گھر ہیں اور انہیں فوری امداد کی ضرورت ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
اقوام متحدہ نے ترکیہ کے زلزلہ متاثرین کی مدد کے لیے ایک ارب ڈالر امداد کی اپیل کی ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق جمعرات کو اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے ایک بیان میں کہا کہ یہ فنڈز 52 لاکھ افراد کو تین ماہ کے لیے مدد فراہم کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ اس رقم سے ’امدادی تنظیموں کو خوراک، تحفظ، تعلیم، پانی اور پناہ گاہ کے شعبوں میں اپنے کام کو تیزی سے بڑھانے میں مدد ملے گی۔‘
انتونیو گوتریس نے کہا کہ ’ضرورتیں بہت زیادہ ہیں، لوگ تکلیف میں ہیں اور وقت ضائع نہیں کیا جا سکتا۔‘
’میں بین الاقوامی کمیونٹی پر زور دیتا ہوں کہ وہ آگے آئے اور ہمارے دور کی سب سے بڑی قدرتی آفات میں سے ایک لیے فنڈ فراہم کرے۔‘

زلزلے سے ترکیہ میں 38 ہزار 44 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)

دوسری جانب ایک حکومتی وزیر نے جمعے کو کہا ہے کہ زلزلے کے 11 دن بعد ترک ریسکیو اہلکاروں نے ایک 14 سالہ لڑکے اور دو مردوں کو ریسکیو کیا ہے۔
وزیر صحت فرحتین کوکا نے ٹوئٹر پر بتایا کہ 14 سالہ عثمان کو 260 گھنٹوں بعد ریسکیو کیا گیا ہے۔
انہوں نے عثمان کی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے جس میں وہ آنکھیں کھولے سٹیچر پر لیٹا ہوا ہے، کہا کہ اسے انطاکیہ کے ہسپتال میں لے جایا گیا ہے۔
عثمان کے ریسکیو کے ایک گھنٹے بعد انطاکیہ میں 26 اور 33 برس کے دو مردوں کو بھی ملبے سے نکالا گیا۔
حکام کے مطابق چھ فروری کو 7.8 شدت کے آنے والے تباہ کن زلزلے سے اب تک 41 ہزار 732 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
ترکیہ میں 38 ہزار 44 افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ شام میں ہلاکتوں کی تعداد 36 سو 88 ہے۔ لاکھوں افراد بے گھر ہیں اور انہیں فوری امداد کی ضرورت ہے۔

’ہم آپ کو کبھی نہیں بھولیں گے‘

 جمعرات کو ریسکیو اہلکار 248 گھنٹے بعد 17 سالہ نوجوان لڑکی الینا اولمیز کو نکالنے میں کامیاب ہوئے۔
زلزلے کے مرکز کے قریب واقع شہر قہرمان مرعش میں اس ریسکیو آپریشن میں حصہ لینے والے کان کن علی اکدوغن نے اے ایف پی کو بتایا کہ ’اس کی حالت اچھی لگ رہی تھی۔ اس نے اپنی آنکھیں کھولیں اور بند کر لیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ہم یہاں اس عمارت میں ایک ہفتے سے کام کر رہے ہیں۔۔۔ ہم یہاں آوازیں سننے کی امید کے ساتھ آئے ہیں۔‘
’ہم خوش ہوتے ہیں جب بھی ہمیں کوئی زندہ ملتا ہے، یہاں تک کہ ایک بلی بھی۔‘

ترکیہ اور شام میں زندہ افراد کو بچانے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)

لڑکی کے چچا نے ایک ایک کر کے ریسکیو اہلکاروں کو گلے لگاتے ہوئے کہا ’ہم آپ کو کبھی نہیں بھولیں گے۔‘
خیال رہے کہ ترکیہ اور شام میں حکام نے ابھی تک یہ اعلان نہیں کیا کہ زلزلے کے بعد سے کتنے افراد لاپتہ ہیں۔

شیئر: