شہزادہ فیصل بن فرحان کی مالٹا اور جارجیا کے وزرائے خارجہ سے ملاقات
شہزادہ فیصل بن فرحان کی مالٹا اور جارجیا کے وزرائے خارجہ سے ملاقات
جمعہ 17 فروری 2023 19:42
وطرفہ تعلقات اور انہیں فروغ دینے کے طریقوں کا جائزہ لیا گیا ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے جمعے کو میونخ سیکیورٹی کانفرنس 2023 کے موقع پر جمہوریہ مالٹا، جارجیا کے ہم منصب سے ملاقات کی ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں انہیں فروغ اور ترقی دینے کے طریقوں کا جائزہ لیا گیا۔
علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر بہت سے ایشوز اور پیش رفت، اس حوالے سے کی جانے والی کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزرائے خارجہ نے میونخ سیکیورٹی کانفرنس میں اٹھائے گئے اہم ترین مسائل، بین الاقوامی امن اور سلامتی کے حصول کےلیے کثیر الجہتی کارروائی کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر بات کی ہے۔
اس موقع پر وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل عبدالرحمان الداود بھی موجود تھے۔
علاوہ ازیں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے میونخ سیکیورٹی کانفرنس 2023 میں شرکت کے موقع پر انرجی سیکیورٹی مباحثے میں شرکت کی ہے۔
ایس پی اے کے مطابق مباحثے میں توانائی کی بین الاقوامی مارکیٹ میں استحکام اور تحفظ پر بین الاقوامی تعاون کے فروغ کی اہمیت، دنیا کو درپیش جغرافیائی سیاسی تبدیلیوں کے ماحول میں مستقبل کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے موثر رابطے جاری رکھنے کی اہمیت کا موضوع زیر بحث آیا۔
مباحثے میں نمایاں شخصیات، حکومتی نمائندے، سکالرز اور سول سوسائٹی کے ذمہ داران شریک ہوئے۔
شرکا نے انرجی سیکیورٹی کی تازہ صورتحال، توانائی کے موضوعات نیز توانائی کے مسائل کے حل کے لیے کی جانے والی بین الاقوامی کوششوں کا جائزہ لیا۔