روس کی مدد کی تو چین کو نتائج بھگتنا ہوں گے: امریکی وزیر خارجہ
روس کی مدد کی تو چین کو نتائج بھگتنا ہوں گے: امریکی وزیر خارجہ
اتوار 19 فروری 2023 10:05
امریکی و چینی وزرائے خارجہ کے درمیان میونخ میں نامعلوم مقام پر ہوئی (فوٹو: اے ایف پی)
امریکہ کے وزیر خارجہ انتونی بلنکن نے چین کو خبردار کیا ہے کہ اگر یوکرین میں روس کی مدد کی تو نتائج بھگتنا ہوں گے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق بلنکن نے اعلٰی چینی وزیر خارجہ وانگ یی سے ملاقات میں انہیں آگاہ کیا کہ امریکہ کو بیجنگ کی جانب سے ماسکو کو ہتھیاروں کی فراہمی کے غور پر شدید تشویش ہے۔
دونوں سپرپاورز کے اعلٰی سفارت کاروں کی ملاقات جرمنی کے شہر میونخ میں کسی نامعلوم مقام پر ہوئی جہاں وہ گلوبل سکیورٹی کانفرنس میں شرکت کے لیے پہنچے تھے۔
ملاقات کے چند گھنٹے بعد ہی وانگ یی نے امریکہ کی جانب سے مبینہ چینی جاسوس غبارہ گرانے کے معاملے پر واشنگٹن کے طرزعمل کو ’پاگل پن‘ قرار دیا۔
پچھلے دنوں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں شدید کشیدگی اس وقت پیدا ہوئی جب امریکہ نے چین پر الزام لگایا کہ اس نے امریکی فضاؤں میں جاسوس غبارہ بھیجا ہے جس کو بعدازاں صدر جو بائیڈن کے حکم پر جنگی طیاروں نے مار گرایا تھا۔
یہ صورت حال ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب مغربی ممالک یوکرین جنگ کے حوالے سے چین کے طرزعمل کا جائزہ لے رہے ہیں۔
امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے اتوار کی صبح این بی سی کو انٹرویو دیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ ’امریکہ کو اس پر تشویش ہے کہ چین روس کو مہلک ہتھیاروں کی فراہمی پر غور کر رہا ہے۔‘
’میں نے وانگ یی پر واضح کر دیا ہے کہ اس سے دونوں ممالک میں ایسی صورت حال پیدا ہو گی جس کے نتائج خطرناک ہوں گے۔‘
اتوار کو چین کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں بتایا گیا ہے کہ وانگ یی نے بلنکن کو آگاہ کیا کہ ’امریکہ کو طاقت کے بے دریغ استعمال سے تعلقات کو پہنچنے والے نقصان کی تلافی کرنا پڑے گی۔‘
وانگ یی کا اشارہ امریکہ کی جانب سے غبارہ گرائے جانے کی طرف تھا، جس کو امریکہ نے جاسوس قرار دیا تھا جبکہ چین کا کہنا ہے کہ وہ موسمی صورت حال پر نظر رکھنے کا کام کر رہا تھا۔۔
امریکی وزارت خارجہ کے سینیئر عہدیدار کا کہنا تھا کہ چین ایک وقت میں دو راستوں پر چلنا چاہ رہا ہے ایک جانب امن اور استحکام کی بات بھی کرتا ہے جبکہ دوسری طرف یوکرین پر حملے کے روس کی مدد بھی کرنے جا رہا ہے۔
عہدیدار نے شناخت ظاہر نہ کرتے ہوئے بتایا کہ بلنکن نے دو ٹوک طور پر بات کی ہے اور انہیں روس کی مدد کرنے کی صورت میں امریکہ کے ممکنہ ردعمل سے آگاہ کیا ہے۔