مسجد الحرام میں زائر خواتین کی سہولت کے لیے 68 نئے ’مصلی‘
مسجد الحرام میں زائر خواتین کی سہولت کے لیے 68 نئے ’مصلی‘
ہفتہ 25 فروری 2023 5:12
خصوصی شیلف میں قرآن مجید کے نسخے رکھے گئے ہیں (فوٹو: ٹوئٹر حرمین شریفین)
سعودی عرب میاں حرمین شریفین انتظامیہ نے مسجد الحرام مکہ مکرمہ میں زائر خواتین کی سہولت اور عبادت میں یکسوئی فراہم کرنے کے لے 68 نئے ’مصلی‘ قائم کیے ہیں۔ مصلی عربی زبان کا لفظ ہے۔ اس سے مراد وہ جگہ ہے جہاں نماز ادا کی جاتی ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق مسجد الحرام میں 68 خواتین کے مصلے تمام سہولتوں سے آراستہ ہیں۔ بہترین قالین بچھائے گئے ہیں۔
خصوصی شیلف میں قرآن مجید کے نسخے رکھے گئے ہیں۔ مذہب سے متعلق سوالات کا جوا ب دینے کے لیے مستند عالم خواتین تعینات کی گئی ہیں۔
مسجد الحرام کے ماتحت خواتین کی انتظامیہ کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ ان ’مصلی ‘میں صف بندی کا بھی اہتمام کرایا جا رہا ہے۔ فارغ وقت سے بھر پور فائدہ اٹھانے کے لیے خصوصی پروگرام ترتیب دیے گئے ہیں۔‘
زائر خواتین کے لیے قرآن پاک کی تعلیم کا بھی اہتمام ہے جو خواتین قرآن حفظ کرنا چاہتی ہیں۔ انہیں اس کی سہولت مہیا ہے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جو زائر خواتین احادیث مبارکہ اور فن قرآت میں دسترس حاصل کرنا چاہتی ہوں ان کے لیے درس حدیث اور درس قرآن کا خصوصی انتظام کیا گیا ہے۔
مسجد الحرام کی انتظامیہ نے بتایا کہ معذرو زائر خواتین کو وہ تمام سہولتی مہیا ہیں جن کی انہیں ضرورت پڑتی ہے۔ ان کے لیے خصوصی وہیل چیئرز کا بندوبست ہے۔
نابینا خواتین کے لیے بریل سسٹم پر قران پاک کے نسخے موجو دہیں۔ معذور خواتین کو رش سے بچانے کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔ اشارے کی زبان میں جمعے کے خطبے کے ترجمے کی سہولت دی جا رہی ہے۔
انتظامیہ نے خواتین کے ہمراہ آنے والے بچوں کی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے کئی پروگرام ترتیب دیے ہیں۔ انہیں سیرت طیبہ آسان زبان میں سکھائی جاتی ہے۔ مسجدا لحرام کی تعظیم کا شعور بھی بچوں کو دیا جاتا ہے۔
مسجد الحرام میں زائر خواتین کے لیے تعلیمی اسباق مختلف زبانوں مں دیے جا رہے ہین۔