Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’الدرعیہ نائٹس‘ فیسٹیول کا اختتام، ہزاروں وزیٹرز کی آمد

سعودی گلوکار محمد عبدو نے بھی ایک شاندار لائیو پرفارمنس پیش کی( فوٹو: عرب نیوز)
سعودی عرب کے  تاریخی شہر الدرعیہ میں دو ماہ تک جاری رہنے والے ’الدرعیہ نائٹس‘ فیسٹیول نے ہزاروں افراد کو اپنی طرف راغب کیا۔
عرب نیوز کے مطابق دو ماہ تک جاری رہنے والے اس ایونٹ میں متعدد سرگرمیاں شامل تھیں جن میں شاندار لائیو پرفارمنسز، اعلیٰ درجے کی دکانیں اور آرٹ سے متعلق دیگر سرگرمیاں شامل ہیں۔
روٹانا آڈیو کمپنی کے زیر اہتمام ’الدرعیہ نائٹس‘ تین میوزیکل سیشنز پر مشتمل تھی۔
جنوری میں پہلے سیشن میں گلوکار نبیل شوئل، اسیل ابوبکر اور فواد عبدالوحید نے پرفارمنس دی۔
فروری میں گلوکار عبادی الجوہر، راشد الفارس اور رامی عبداللہ نے دوسرے سیشن کے لیے پرفارم کیا۔
مشہور سعودی گلوکار محمد عبدو نے 20 فروری کو ایک شاندار لائیو پرفارمنس کے ساتھ فائنل سیشن کا اختتام کیا جس نے موسیقی کے سینکڑوں شائقین کو اپنی جانب متوجہ کیا۔
الیکٹرک کار ریسنگ کے شائقین کو الدرعیہ فارمولا ای ورلڈ چیمپیئن شپ کے نویں سیزن سے لطف اندوز ہونے کا موقع ملا جو 27اور 28 جنوری تک یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے میں منعقد ہوئی۔
الدرعیہ سیزن 2022 نے 11 سے 15 جنوری تک ہسپانوی سپر کپ اور 18 جنوری کو ای اے سپورٹس سپر کپ کی میزبانی کی جس نے عالمی توجہ حاصل کی۔
ہسپانوی سپر کپ میں فٹ بال کی چار ٹیموں بارسلونا، ریئل میڈرڈ، ویلنسیا اور ریئل بیٹس کو کھیلنے کے لیے لایا گیا۔
ای اے سپورٹس سپر کپ اے سی میلان اور انٹر میلان کے درمیان ایک روزہ میچ تھا۔
اگرچہ الدرعیہ نائٹس  فیسٹیول  ختم ہو چکا ہے تاہم الدرعیہ سیزن اب بھی ہر عمر کے لیے مختلف تقریبات کی میزبانی کرتا رہتا ہے۔
واضح رہے کہ الدرعیہ میں 21 اکتوبر 2022 کو دوسرے سپورٹس، تفریحی سیزن کا آغاز ہوا تھا۔
الدرعیہ نے کئی ثقافتی اور تفریحی تقریبات کے انعقاد میں اپنی کامیابی کے علاوہ سپورٹس کے بہت سے بین الاقوامی مقابلوں کی بھی میزبانی کی ہے۔

شیئر: