Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جلتا ہوا سگار اور ایکشن، آرنلڈ شوازینگر کی نیٹ فلکس پر آمد

آرنلڈ شوازینگر کی او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر ریلیز کی جانے والی پہلی سیریز ’فوبار‘ کا ٹیزر جاری کیا گیا ہے۔ (فوٹو: ٹی وی انسائیڈر)
ہالی وڈ اداکار اور ٹرمینیٹر کے نام سے مشہور آرنلڈ شوازینگر کی پہلی نیٹ فلکس سیریز کا ٹیزر جاری کر دیا گیا ہے۔
پیر کو نیٹ فلکس کے یوٹیوب چینل پر آرنلڈ شوازینگر کی او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر پہلی ریلیز کی جانے والی سیریز ’فوبار‘ کا ٹیزر جاری کیا گیا۔
آرنلڈ شوازینگر نے ایک بیان میں اپنی نئی آنے والی ایکشن اور کامیڈی سیریز کے حوالے سے کہا ’میں جہاں بھی جاتا تھا لوگ مجھ سے ایک ہی سوال کرتے تھے، آپ ’ٹرو لائیز‘ جیسی ایکشن کامیڈی فلم کب بنا رہے ہیں؟‘
 انہوں نے ’فوبار‘ کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے ’یہاں ہے فوبار، جو آپ کو صرف دو گھنٹے کے لیے نہیں ہنسائے گی بلکہ یہ پورا سیزن ہے‘
ایکشن اور مذاح سے بھرپور ڈرامہ سیریز فوبار ایک باپ اور بیٹی کی کہانی ہے جنہیں ریٹائرمنٹ کے وقت پتہ چلتا ہے کہ ان کا تعلق جھوٹ پر مبنی تھا اور وہ سینٹرل انٹیلیجنس ایجنسی (سی آئی اے) کے لیے کام کر رہے ہوتے ہیں۔
فلم کی کہانی کی شروعات کچھ اس طرح سے ہوتی ہے کہ سی آئی اے ایجنٹس کی ریٹائرمنٹ کے قریب فیملی کے حوالے سے ایک راز افشا ہوتا ہے۔ جبکہ انہیں اپنی نوکری میں آخری کام سرانجام دینے پر مجبور کیا جاتا ہے۔
فلم کے ٹریلر میں آرنلڈ شوازینگر کو سگار سلگاتے اور فائرنگ کرتے ایکشن میں دیکھا جا سکتا ہے۔
نیٹ فلکس کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل پر شیئر کیے جانے والے ٹیزر میں بتایا گیا ہے کہ آرنلڈ واپس آ گئے ہیں، اور اپنی پہلی ٹی وی سیریز ’فوبار‘ میں جلوہ گر ہوں گے۔ جو 25 مئی کو ریلیز کی جائے گی۔
آرنلڈ شوازینگر کی پہلی او ٹی ٹی سیریز کے حوالے سے ایگزیکٹو پروڈیوسر نے کہا کہ ’ یہ میرے کیریئر کا سب سے شاندار پراجیکٹ ہے، میں آرنلڈ کی فلمیں دیکھتا ہوا بڑا ہوا ہوں۔‘
اس سے قبل آرنلڈ شوازینگر پانچ برس قبل 2019 میں ریلیز ہونے والی سائنس فکشن اور ایکشن فلم ’ٹرمینیٹر ڈارک فیٹ‘  میں نظر آئے تھے۔
2023 میں ’فوبار‘ کے علاوہ آرنلڈ شوازینگر کی فلم ’کنگ فیوری 2‘ بھی ریلیز ہو گی۔

شیئر: