’بیڈ بریکنگ‘، ہالی وڈ اداکار بروس ویلیس ڈیمنشیا کا شکار
’بیڈ بریکنگ‘، ہالی وڈ اداکار بروس ویلیس ڈیمنشیا کا شکار
جمعہ 17 فروری 2023 7:10
بروس ویلیس نے 40 سالہ کیریئر میں 100 سے زائد فلموں میں کام کیا۔ (فوٹو: ایکولائن)
ہالی وڈ کے ایکشن ہیرو بروس ویلیس کے فرنٹوٹیمپورل ڈیمنشیا مرض میں مبتلا ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق اداکار کے اہل خانہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پچھلے سال افیسیا میں مبتلا ہونے کے بعد بروس ویلیس کی حالت میں بہتری آ رہی تھی تاہم اب ان کو ڈیمنشیا ہو گیا ہے۔
’ڈائی ہارڈ‘ سیریز کی فلموں کے لیے جانے والے اداکار نے ایک سال قبل ہی فلمی دنیا سے ریٹائرمنٹ لی تھی کیونکہ ان کو افیسیا ہو گیا تھا جس میں مریض کو بولنے اور سمجھنے کی دشواری ہو جاتی ہے۔
ان کے خاندان کے افراد نے مرض کے شکار افراد کے حوالے سے بنائی گئی ویب سائٹ پر بتایا کہ ’بدقسمتی سے بروس کو جس بیماری کا سامنا ہے اس میں ان کے ساتھ بات چیت کافی مشکل ہے اور یہ مرض کی علامات میں سے ایک ہے جو تکلیف دہ ہے۔‘
فرنٹوٹیمپورل ڈیمنشیا جس کو ایف ٹی ڈی کے نام سے بھی جانا جاتا ہے اس میں مریض کا دماغ درست طور پر چیزوں کو سمجھ نہیں پاتا۔
یہ مرض دماغی خلیوں میں خرابی کی وجہ سے لاحق ہوتا ہے۔
بروس ویلیس کے گھر والوں کا کہنا ہے کہ اگر انہیں موقع ملا تو وہ اس مرض کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے کے لیے اپنی آواز اٹھائیں گے اور لوگوں کو بتائیں گے کہ اس میں مبتلا لوگوں کی کس طرح سے مدد کی جا سکتی ہے۔
صحافی ماریہ شرائیور نے دکھ کا اظہار کرے ہوئے کہا کہ اس مرض کے بارے میں زیادہ سے زیادہ شعور اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے لکھا کہ ’جب کوئی قدم آگے بڑھاتا ہے تو وہ دراصل ہم سب کی مدد کرتا ہے۔‘
بروس ویلیس کی سب سے بڑی بیٹی رَمر ویلیس نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر والد کی بیماری کے حوالے سے پوسٹ ڈالی تو شوبز کی نمایاں شخصیات نے ان سے ہمدردی کا اظہار کیا اور اداکار کی صحت یابی کے لیے دعا کی۔
ارون پال نے اسے ایک ’بیڈ بریکنگ‘ قرار دیتے ہوئے لکھا کہ ’میرے دوست میں آپ سے بہت محبت کرتا ہوں اور آپ کی فیملی کے ساتھ دکھ کا اظہار کرتا ہوں۔ آپ کے والد ایک لیجنڈ ہیں۔‘
بروس ویلیس 80 کی دہائی میں ایک مزاحیہ ٹی وی سیریز ’مون لائٹننگ‘ سے شوبز میں آئے تھے۔
اس کے بعد فلموں میں قدم رکھنے کے بعد تقریباً 40 سال تک فلموں سے جڑے رہے، اس دوران انہوں نے سے 100 سے زائد فلموں میں کام کیا۔
’پلپ فکشن‘ اور ’دی سکستھ سینس‘ میں ان کے کام کو بہت سراہا گیا اور گولڈن گلوب ایوارڈ کے علاوہ دو ایمی ایوارڈز سے بھی نوازا گیا۔
تاہم مذکورہ فلموں میں کرداروں کے لیے انعامات حاصل کرنے کے باوجود بروس ویلیس نے جو اصل شہرت حاصل کی وہ ’ڈائی ہارڈ‘ سیریز کی فلمیں تھیں جو 1988 اور 2013 کے درمیان ریلیز ہوئیں۔
ایک سخت اور جنگجو قسم کے امریکی پولیس اہلکار کے کردار میں ان کو بہت پسند کیا گیا۔