مسجد الحرام کے قریب ’جروال‘ محلے کی رہائشی عمارتیں اور دکانیں منہدم ہوں گی
جروال کا ایک حصہ منہم ہوگا، پورا علاقہ مسمار نہیں کیا جائے گا ( فوٹو: سکرین شاٹ الاخباریہ)
سعودی مکہ مکرمہ میں مسجد الحرام کے قریب واقع معروف محلے جروال کی رہائشی عمارتیں اور دکانیں منہدم کی جائیں گی۔
الاخباریہ چینل نے انہدام کی کارروائی سے قبل جروال محلے کی ان عمارتوں کی تصاویر پر مشتمل ایک رپورٹ نشر کی ہے جنہیں منہدم کیا جائے گا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ’جروال محلے کا ایک حصہ منہم ہو گا پورا علاقے کو مسمار نہیں کیا جائے گا۔‘
رپورٹ کے مطابق ’سماجی فروغ کے قومی پروگرام نے ان عمارتوں کی نشاندہی کردی ہے جو منہدم کی جائیں گی۔ یہ محلہ مسجد الحرام کے شمال میں نصف کلومیٹر کے قریب واقع ہے۔‘
دکانوں اور عمارتوں کے مالکان اور مکینوں کو انہدام کی کارروائی سے مطلع کردیا گیا ہے۔
مالکان کو ملکیتی دستاویز مکہ ایوان صنعت وتجارت کے خصوصی کاؤنٹر پر جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ’عمارتوں کے مکینوں اور دکانداروں نے دستاویز جمع کرانا شروع کردی ہیں۔ ضروری کارروائی کے بعد انہیں مناسب معاوضہ دیا جائے گا۔‘