Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بیوی اور بیٹے کا قتل، معروف امریکی وکیل ایلکس مرڈو پر فرد جرم عائد

ایلکس مرڈو جنوبی کیرولائنا سے تعلق رکھنے والے معروف وکیل ہیں۔ فوٹو: روئٹرز
امریکی ریاست جنوبی کیرولائنا سے تعلق رکھنے والے معروف وکیل ایلکس مرڈو پر  بیوی اور بیٹے کو قتل کرنے کے الزام میں فرد جرم عائد کر دی گئی ہے جبکہ سزا آج جمعے کو سنائی جائے گی۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق جمعرات کو امریکی جیوری نے 54 سالہ وکیل ایلکس مرڈو کو بیٹے اور بیوی کے قتل کا مرتکب ٹھہرایا ہے۔
جنوبی کیرولائنا میں وکالت سے جڑے خاندان سے تعلق رکھنے والے وکیل ایلکس مرڈو نے اپنے بیٹے پال کو شاٹ گن سے قتل کیا جبکہ اپنی بیوی کو مارنے کے لیے رائفل کا استعمال کیا جس سے عام طور پر وہ جنگلی سور کا شکار کرتے تھے۔
جمعرات کو تین گھنٹوں کی عدالتی کارروائی کے بعد جیوری نے فیصلہ پڑھ کر سنایا جس کے بعد مجرم نے دوبارہ مقدمہ چلانے کی استدا کی جو جج کلنٹن نیومین یہ کہتے ہوئے مسترد کر دی کہ ’ملوث ہونے کا ثبوت بہت زیادہ ہے۔‘
جیوری کو بتایا گیا کہ اپنی قانونی فرم اور کلائنٹس سے کئی سالوں تک لاکھوں کی رقم چرانے کے بعد ایلکس مرڈو نے کس طرح سے 7 جون 2021 کو اپنے خاندان کا قتل کیا۔
جائے وقوعہ سے بندوقیں اور خون کے دھبوں والے کپڑے نہیں مل سکے جن سے یہ ثابت ہو سکے کہ ایلکس مرڈو ہی قاتل ہیں۔
جج کلنٹن نیومین نے کہا کہ جمعے کی صبح کو سزا سنائی جائے گی جبکہ ایلکس مرڈو کو ہر ایک قتل کے جرم میں زیادہ سے زیادہ 30 سال کی قید ہو سکتی ہے۔
جنوبی کیرولائنا کے اٹارنی جنرل ایلن ولسن نے پریس بریفنگ کے دوران ہلاک ہونے والوں سے متعلق کہا کہ ’ہم انہیں واپس تو نہیں لا سکتے لیکن انصاف فراہم کر سکتے ہیں۔‘
’آج کے فیصلے سے ثابت ہو گیا کہ معاشرے میں جو بھی مقام ہو آپ قانون سے بالاتر نہیں ہیں۔‘

معروف وکیل کو اہلیہ اور بیٹے کے جرم کا مرتکب ٹھہرایا گیا ہے۔ فوٹو: این بی سی

جنوبی کیرولائنا میں چھ ہفتوں تک جاری رہنے والی سماعت کے بعد جیوری نے تعین کیا کہ اس قدر مضبوط ثبوت موجود ہیں کہ دو قتل کرنے اور اسلحے کے استعمال پر ایلکس مرڈو کو مجرم ٹھہرایا جائے۔
عدالتی کارروائی کے دوران ایلکس مرڈو اپنی 52 سالہ اہلیہ اور 22 سالہ بیٹے کے قتل سے متعلق لگائے گئے الزامات کو مسلسل مسترد کرتے رہے تاہم انہوں نے رقم چرانے اور منشیات کے استعمال کی عادت سے متعلق جھوٹ بولنے کا اعتراف کیا۔

شیئر: