Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’خواب پورا ہو گیا‘، شامی بچے کی کرسٹیانو رونالڈو سے ملاقات

  شام اور ترکیہ میں آنے والے تباہ کن زلزلے سے متاثرہ شامی بچے نبیل کا اپنے ہیرو اور پرتگالی سٹار کرسٹیانو رونالڈو سے ملاقات کا خواب پورا ہو گیا۔
سعودی انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے سربراہ ترکی آل الشیخ نے جعمے کو شامی بچے کی رونالڈو سے ملاقات کرائی ہے۔
شامی بچہ سعودی انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے سربراہ کی دعوت پر کرسٹیانو رونالڈو سے ملاقات کرنے کے لیے گزشتہ دنوں اپنی والدہ کے ہمراہ ریاض پہنچا تھا۔ 
یاد رہے کہ چھ فروری کو جب شام اورترکیہ میں آنے والے تباہ کن زلزلے میں ہزاروں افراد ہلاک اور زخمی ہوئے تھے۔ اس دوران امدادی ٹیم سے بات کرتے ہوئے نبیل نے کہا تھا کہ ’اس کی خواہش ہے کہ سعودی فٹبال کلب النصر میں شامل کرسٹیانو رونالڈوسے ملاقات کروں، کیا یہ ممکن ہے؟‘ 
امارات کا ایک صحافی امدادی ٹیم کے ایک حصے کے طور پر شام پہنچا تھا۔ بچے نے اماراتی صحافی سے ملاقات میں اپنی اس خواہش کا اظہار کیا تھا۔
نبیل کا کہنا تھا کہ ’سعودی فٹبال کلب النصر کا پرستار ہوں۔ اس کے کھلاڑی سٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو سے ملاقات میرا خواب ہے۔‘
سوشل میڈیا پر وڈیو وائرل ہونے پر صارفین نے بچے کی معصومانہ خواہش پر ہمدردی کا اظہار کیا۔
 ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے پر سعودی انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے سربراہ ترکی آل الشیخ نے ٹوئٹر پر فوری جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ ’ضرور میرے بیٹے، مرحبا، میں آپ کو والدہ کے ساتھ سعودی عرب میں خوش آمدید کہوں گا۔ کوئی اہل خیر مجھے اس (بچے) سے ملا ئے گا؟‘
بعد ازاں ترکی آل الشیخ نے بچے سے رابطہ کیا اور والدہ کے ہمراہ مملکت آنے کے تمام امور مکمل کیے۔
سعودی انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے سربراہ ترکی آل الشیخ  نے شامی بچے کی النصر فٹبال کلب کے پرتگالی سٹار رونالڈو سے ملاقات کی خواہش پوری ہونے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔
ترکی آل الشیخ نے ٹویٹ کیا کہ’ آپ کی خوشی میری خوشی ہے۔ سعودی قیادت، سعودی عوام اور پرتگالی فٹبال سٹار رونالڈو کا شکریہ۔‘

شیئر: