پاکستان تحریک انصاف کی جیل بھرو تحریک کے تحت رضاکارانہ طور پر گرفتاری دینے والے تمام رہنماؤں اور کارکنان کو رہا کر دیا گیا ہے۔
جمعے کی رات گئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما مراد سعید نے ٹویٹ کیا کہ جیل بھرو تحریک کے تمام گرفتار قائدین اور کارکنان رہا ہو گئے ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز جمعے کو لاہور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کے تمام رہنماؤں کو رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔
مزید پڑھیں
پی ٹی آئی کے رہنما فواد چوہدری کی درخواست پر جسٹس طارق سلیم شیخ نے شاہ محمود قریشی، اسد عمر اور دیگر گرفتار رہنماؤں کی نظربندی کے احکامات معطل کرتے ہوئے رہائی کا حکم دیا تھا۔
جمعے اور سنیچر کی درمیانی شب پارٹی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو اٹک جیل سے جبکہ سیکریٹری جنرل اسد عمر کو راجن پور جیل سے رہا کیا گیا۔
22 فروری کو جیل بھرو تحریک میں سب سے پہلے رضاکارانہ گرفتاریاں لاہور سے دی گئی تھیں۔
پی ٹی آئی کے رہنما زلفی بخاری کو شاہ پور جیل جبکہ سینیٹر ولید اقبال اور اعظم خان نیازی کو لیہ جیل سے رہا کیا گیا ہے۔
جیل بھرو تحریک کے تمام گرفتار قائدین اور کارکنان رہا۔ ویلکم بیک pic.twitter.com/OeZwot7wQb
— Murad Saeed (@MuradSaeedPTI) March 3, 2023
بدھ کو تحریک انصاف نے سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے کے بعد جیل بھرو تحریک معطل کرنے کا اعلان کیا تھا۔
تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے ایک ٹویٹ میں سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ ’ہم جیل بھرو تحریک معطل کر رہے ہیں اور پنجاب، خیبر پختونخوا میں الیکشن مہم شروع کرنے جا رہے ہیں۔‘
سپریم کورٹ نے اسمبلیوں کی تحلیل کے دن سے 90 روز کے اندر انتخابات کرانے کا حکم دیا ہے۔ سپریم کورٹ کے اکثریتی فیصلے کے مطابق پنجاب میں الیکشن کی تاریخ صدر اور خیبر پختونخوا کے لیے گورنر دیں گے۔
سابق وزیراعظم عمران خان کے مشیر ڈاکٹر افتخار درانی نے پارٹی رہنما فیاض چوہان کی رہائی کی ویڈیو ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا ’تحریک انصاف کے تمام لیڈران کا نام تاریخ کے روشن باب میں لکھا جائے گا۔‘
آئین و قانون کی بالادستی کیلئے حقیقی آزادی کی جدوجہد میں خود کو پابند سلاسل کروانے والے تحریک انصاف کے تمام لیڈران کا نام تاریخ کے روشن باب میں لکھا جائے گا ۔ @Fayazchohanpti کو جیل سے رہائی پر خوش آمدید۔
— Dr. Iftikhar Durrani (@IftikharDurani) March 3, 2023