مسلح افراد کی فائرنگ، فلپائن میں گورنر سمیت چھ اہلکار ہلاک
زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے گولیاں لگنے سے اُن کی موت کی تصدیق کی۔ فوٹو: اے ایف پی
فلپائن میں نامعلوم مسلح حملہ آوروں کے حملے میں ایک صوبے کے گورنر سمیت چھ اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق سنیچر کو پولیس نے بتایا کہ وسطی فلپائن کے ایک صوبائی گورنر اور کئی دیگر افراد کو نامعلوم مسلح افراد نے مقامی اہلکاروں کے خلاف تازہ ترین حملے میں فائرنگ کا نشانہ بنایا۔
پولیس کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان کے مطابق نیگروس اورینٹل صوبے کے گورنر روئل ڈیگامو اور دیگر اہلکاروں کو پامپلونا قصبے میں ڈیگامو کے گھر پر فائرنگ کر کے ہلاک کیا گیا۔
پولیس کے مطابق چھ مسلح افراد جو مقامی فورس کی وردیوں میں ملبوس تھے گورنر کے گھر میں گھسے اور فائرنگ کی۔
گورنر کی بیوہ نے تصدیق کی کہ اُن کے شوہر سمیت چھ افراد کو گولیاں لگیں۔
زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے گولیاں لگنے سے اُن کی موت کی تصدیق کی۔
صوبائی پولیس کے ترجمان کِم لوپیز نے اے ایف پی کو بتایا کہ جس وقت بندوق بردار اُن کے گھر میں داخل ہوئے تو گورنر مقامی شہریوں میں امداد تقسیم کر رہے تھے۔
فلپائن میں سیاست دانوں پر حملوں کی ایک طویل تاریخ ہے۔ اور 56 سالہ ڈیگامو پر حملہ اس تشدد کا تازہ ترین واقعہ ہے۔
گزشتہ برس مقامی انتخابات کے بعد کسی سیاست دان پر فائرنگ کا یہ تیسرا واقعہ ہے۔
سپریم کورٹ نے گزشتہ ماہ انہیں نیگروس اورینٹل گورنرشپ کے لیے ہونے والے مقابلے کا اصل فاتح قرار دیا۔ قبل ازیں اُن کے حریف مقابلہ جیت چکے تھے مگر ووٹوں کی دوبارہ گنتی میں مقتول سیاست دان فاتح قرار پائے۔
جنوبی صوبے لاناؤ ڈیل سور کے گورنر میمنٹل اڈیونگ کو فروری میں ایک حملے میں گولی مار کر زخمی کیا گیا تھا جس میں ان کا ڈرائیور اور تین پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے تھے۔
اسی مہینے اپری کے شمالی قصبے کے نائب میئر رومیل المیڈا اور ان کے ساتھ سفر کرنے والے پانچ دیگر افراد کو ہائی وے پر گھات لگا کر گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔