سعودی عرب کے نان آئل پرائیویٹ سیکٹر کی گروتھ میں تیزی
کمپنیوں میں ملازمتوں کی تعداد بھی تیزی سے بڑھی ہے ( فائل فوٹو: عرب نیوز)
سعودی عرب کے نان آئل پرائیویٹ سیکٹر نے فروری میں 2015 کے بعد سب سے زیادہ نمو دیکھی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق مملکت کے پرچیزنگ مینیجرز کا انڈیکس جنوری میں 58.2 سے بڑھ کر 59.8 تک پہنچا۔
ریاض بینک سعودی عرب پی ایم آئی کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق دسمبر 2022 کے لیے مملکت کا پی آئی ایم 56.9 تھا، نومبر میں انڈیکس 58.5 تک پہنچ گیا تھا۔
انڈیکس کے مطابق 50 نمبر سے اوپر کی ریڈنگ نمو ظاہر کرتی ہے جبکہ 50 سے نیچے والے سنکچن کا اشارہ دیتے ہیں۔
ریاض بینک کے چیف اکانومسٹ نایف الغیث نے کہا کہ ’فروری 2023 میں تمام کاروباری سرگرمیوں میں معاشی حالات سازگار رہے کیونکہ سعودی نان آئل پرائیویٹ سیکٹرمیں ترقی تقریباً آٹھ سالوں میں بلند ترین سطح پر پہنچی۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’سخت مالیاتی حالات کے باوجود مملکت کے ارد گرد جاری منصوبوں سے طلب اور رسد کا توازن مضبوط اور حوصلہ افزا نظر آیا جس کی وجہ سے پیداوار میں تیزی سے اضافہ ہوا۔ یہ سپلائر کی کارکردگی میں بہتری اور لیڈ ٹائم میں تیزی سے کمی سے پورا ہوا۔‘
رپورٹ کے مطابق پی ایم آئی میں اضافہ معاشی حالات میں بہتری سے منسلک مانگ میں خاطر خواہ اضافے کی وجہ سے ہوا۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ کمپنیوں کا کہنا ہے کہ مملکت میں پیداوار، روزگار اور خریداری میں تیزی سے اضافہ ہوا۔
دریں اثنا نان آئل کمپنیوں میں ملازمتوں کی تعداد بھی پانچ برسوں میں دوسری تیز ترین شرح سے بڑھی ہے اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ کمپنیوں نے مستقبل کی طلب کو پورا کرنے کے لیے اسامیوں کو پُر کرنے کے لیے اپنی خدمات میں اضافہ کیا ہے۔