Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایلون مسک کا ٹویٹ کے حروف کی حد 10 ہزار تک بڑھانے کا اعلان

2017 میں ٹوئٹر نے حروف کی تعداد کو 140 سے بڑھا کر 280 کیا تھا (فوٹو: اے ایف پی)
ٹوئٹر کے مالک اور دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک نے اعلان کیا ہے کہ ٹوئٹر پر ٹویٹ کے لیے حروف کی تعداد کو بہت جلد 280 سے بڑھا کر 10 ہزار کر دیا جائے گا۔
اتوار کو ٹوئٹر ہینڈل دی پرائم ایگن نے ایلون مسک کو ٹیگ کر کے پوچھا کہ ’ڈیویلپر کمیونٹی اور میں  پوچھنا چاہا رہے تھے کہ آپ ٹویٹ میں کوڈ بلاکس کرنے کی سہولت کو شامل کر سکتے ہیں؟‘
اس کے جواب میں ایلون مسک نے کہا کہ ’ہم تفصیلی ٹویٹس کو 10 ہزار حروف تک بہت جلد بڑھا رہے ہیں۔‘
انڈین اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق اس ٹویٹ میں ایلون مسک نے واضح طور پر یہ نہیں بتایا کہ یہ نیا فیچر صرف ٹوئٹر بلیو کے صارفین کو ملے گا یا پھرتمام صارفین اس سہولت سے فائدہ اُٹھا سکیں گے۔
ایلون مسک کی جانب سے یہ اعلان امریکہ میں ٹوئٹر بلیو کے صارفین کو چار ہزار حروف تک رسائی دینے کے ایک ماہ بعد کیا گیا ہے۔
گزشتہ ماہ ٹوئٹر کی تاریخ میں حروف کی تعداد کو دوسری مرتبہ تبدیل کیا گیا۔
اس سے قبل 2017 میں مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ نے حروف کی تعداد کو 140 سے بڑھا کر 280 کیا تھا۔
فوربز کی رپورٹ کے مطابق ایلون مسک کا ماننا ہے کہ سبسکرپشن سے منافع حاصل کرنے سے ہی ٹوئٹر لمبے عرصے تک مالی طور پر چل سکتا ہے تاہم ٹوئٹر بلیو کے جنوری کے وسط تک صرف ایک لاکھ 80 ہزار کے قریب سبسکرائبر تھے جس میں ماہانہ ایکٹیو صارفین کی تعداد 0.2 فیصد ہی تھی۔
خیال رہے کہ جب سے سپیس ایکس کے سی ای او ایلون مسک نے ٹوئٹر کو خریدا ہے تب سے اس پلیٹ فارم میں کئی تبدیلیاں دیکھنے میں آئی ہیں۔
 
ایلون مسک نے ٹوئٹر پر 8 ڈالر کے عوض ٹوئٹر بلیو کے ساتھ گولڈ اور سلور بیج متعارف کروائے، اس کے علاوہ متنازع بلاک اکاؤنٹس کو بھی ویب سائٹ پر بحال کیا۔

شیئر: