پہلے ترازو کے دونوں پلڑے برابر ہوں گے پھر الیکشن ہوگا: مریم نواز
پہلے ترازو کے دونوں پلڑے برابر ہوں گے پھر الیکشن ہوگا: مریم نواز
منگل 7 مارچ 2023 17:55
مسلم لیگ ن کے رہنما کا کہنا تھا کہ ثاقب نثار بابا رحمتا نہیں بلکہ پاکستان کے لیے زحمت بنا ہوا تھا۔ (فوٹو: سکرین گریب)
پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ نواز شریف کے خلاف سازش کا کوئی کردار رہ تو نہیں گیا جس نے خود سے نہ کہا ہو کہ نواز شریف کے ساتھ زیادتی کی گئی۔
منگل کو شیخوپورہ میں مسلم لیگ ن کے ورکرز کنوشن سے خطاب میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ ’کل سازش کا اہم کردار، ڈیم والا بابا رحمتے، اپنے منہ سے بول اٹھا۔‘
پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز کا کہنا تھا کہ ’پہلے ترازو کے دونوں پلڑے برابر ہوں گے پھر الیکشن ہوگا۔‘
انہوں نے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے نواز شریف کو بیٹے سے تنخوا نہ لینے پر نواز شریف کو تاحیات نااہل کیا۔
مسلم لیگ ن کی رہنما کا کہنا تھا کہ ثاقب نثار بابا رحمت نہیں بلکہ پاکستان کے لیے زحمت بنا ہوا تھا۔
مریم نواز نے کہا کہ انتخابات آنے والے ہیں، آج ہو کل ہو پرسوں ہو انتخابات کے لیے تیار رہو۔ ’مسلم لیگ ن واحد جماعت ہے جو انتخابات کی تیاری کے لیے میدان میں اتر چکی ہے، ہم صرف انتخابات کے لیے میدان میں نہیں اترے بلکہ انتخابات جیتنے کے لیے میدان میں اترے ہیں۔‘
’پہلے احتساب ہوگا، پھر انتخاب ہوگا، پہلے ترازو کے دونوں پلڑے برابر کیے جائیں گے پھر انتخاب ہوگا اور جب بھی انتخاب ہوا تو پوری دنیا دیکھے گی مسلم لیگ (ن) بڑی اکثریت سے جیتے گی۔‘
پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر کا مزید کہنا تھا کہ جب ثاقب نثار کا پول کھلنے لگا تو کہہ رہے ہیں کہ میرا واٹس ایپ ہیک ہوگیا تھا۔ ’جب بدنام زمانہ جے آئی ٹی بن رہی تھی تو اس وقت واٹس ایپ ہیک کیوں نہ ہوا۔‘
’لطیفہ سنو کہتا ہے میرا وٹس ایپ ہیک ہو گیا ہے، اب پتا ہے پول کھلنے والے ہیں۔ بدنام زمانہ جے آئی ٹی جب بنی تھی تب وٹس ایپ ہیک نہیں ہوا، تمہارے فیصلوں سے غریب کا مستقبل ہیک ہو گیا۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ اب دیدہ دلیری سے کہہ رہا ہے کہ میرا دماع خراب ہے کہ انٹرویو دوں، مجھے میرے بچوں کے مستقبل کا خیال ہے۔
’قوم کے بچوں کا مستقبل اندھیرے میں دھکیل کر اس کو اپنے بچوں کی فکر لاحق ہے، قوم کے بچے رل گئے اور اس کا بیٹا لندن میں عیش کر رہا ہے۔‘
مریم نواز کا کہنا تھا کہ ’ثاقب نثار کہتا ہے عمران کو صادق و امین کا پورا سرٹیفکیٹ نہیں دیا تھا، کیا کوئی صداقت اور امانت کا آدھا سرٹیفکیٹ بھی ہوتا ہے؟‘
‘اب بھی مکمل سچ نہیں بولا جارہا ہے۔ اس وقت کے ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج شوکت عزیز صدیقی کے گھر گئے اور کہا کہ نواز شریف کو ضمانت دی گئی تو ہماری دو سال کی محنت ضائع ہوجائے گی۔