سعودی عرب میں بطور امریکی سفیر مائیکل ایلن ریٹنی کی تعیناتی کی منظوری
امریکی سفیر نے کہا کہ وہ سکیورٹی تعاون اور ٹریننگ کے ذریعے سعودی دفاع کو مضبوط کرنا چاہتے ہیں (فوٹو: سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ)
امریکی سینیٹ نے مائیکل ایلن ریٹنی کو سعودی عرب کے سفیر کے طور پر تعینات کرنے کی منظوری دی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق مائیکل ایلن ریٹنی کو امریکی صدر جو بائیڈن نے نامزد کیا ہے اور وہ اس سے قبل امریکی سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے فارن سروس انسٹیٹیوٹ میں تعینات تھے۔
وہ اپنے کیریئر میں سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ میں لیوانٹ، اسرائیل اور فلسطینی امور کے نگراں ڈپٹی اسسٹنٹ رہ چکے ہیں، اور شام کے لیے نمائندہ خصوصی بھی تھے۔ اس سے قبل وہ یروشلیم میں امریکی کونسل جنرل بھی رہے۔
سعودی عرب کے سفیر کے طور پر نامزدگی پر مائیکل ایلن ریٹنی نے کہا کہ وہ سعودی عرب اور امریکہ کے درمیان ایک مضبوط اور پائیدار شراکت داری کے لیے پرعزم ہیں جو امریکی مفادات کو فروغ دے اور امریکی اقدار کو اجاگر کرے۔
امریکی سفیر نے کہا کہ وہ سکیورٹی تعاون اور ٹریننگ کے ذریعے سعودی دفاع کو مضبوط کرنا چاہتے ہیں۔