یمن کے لیے 18 ہزارٹن پیٹرول مصنوعات کی تیسری کھیپ
جمعرات 16 مارچ 2023 19:52
مملکت کی جانب سے سابقہ عطیات سے 7 لاکھ سے زائد یمنی شہری مستفید ہوئے(فوٹو، ٹوئٹر)
سعودی عرب کی جانب سے یمن کی امداد کے لیے 18 ہزار ٹن پیٹرول وڈیزل پرمشتمل تیسری کھیپ حضرموت پہنچ گئی۔
اخبار 24 کے مطابق سعودی پروگرام برائے تعیمر وترقی یمن کا کہنا ہے کہ 5500 ٹن ڈیزل اور13 ہزار ٹن میزوٹ یمن کے صوبے حضرموت پہنچا دیا گیا۔
سعودی پروگرام کی جانب سے مزید کہا گیاہے کہ یمن کےلیے 4.2 ارب ڈالرمالیت کی امداد کا جوفیصلہ کیا گیا تھاپیٹرول اورڈیزل کی ارسال کی جانے والی نئی کھیپ اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔
اس سے قبل مملکت نے 422 ملین ڈالرمالیت کا عطیہ یمن کودینے کا فیصلہ کیا تھا۔ سعودی امداد کی بدولت یمن کے اقتصادی استحکام ،حکومتی بجٹ اورعوام کی قوت خرید کوبہتربنانے میں مدد ملی ہے۔
سعودی پروگرام نے توجہ دلائی کہ برقی توانائی کے حوالے سے پیٹرول کے سابقہ عطیات کا فائدہ 7 لاکھ 60 ہزاریمنی شہریوں کوپہنچا اس کی بدولت ہرصارف کوفی گھنٹہ 37 کلوواٹ بجلی فراہم کی گئی۔ اس عطیہ سے مستفید ہونے صارفین کی تعداد 98 لاکھ تک پہنچ گئی۔
یاد رہے سعودی عرب یمن کی تعمیر وترقی کےلیے 224 پروگرام نافذ کراچکا ہے جن میں تعلیم، صحت ، پینے کا صاف پانی ، توانائی ، ٹرانسپورٹ ، زراعت اورمچھلیوں کی افزائش جیسے 7 اہم شعبوں کوسعودی عطیات سے فروغ ملا ہے۔