Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رمضان سے قبل غلاف کعبہ کی تزئین اور اصلاح و مرمت کا کام مکمل 

صفائی اور آرائش کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جاتا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں کنگ عبدالعزیز کسوہ کمپلیکس نے رمضان سے قبل غلاف کعبہ کی تزئین و آرائش اور اصلاح و مرمت کا کام مکمل کرلیا۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق سیکریٹری کسوہ کمپلیکس انجینیئر امجد الحازمی نے بتایا کہ’ ہر سال رمضان سے قبل غلاف کعبہ کی تزئین و آرائش اور اصلاح و مرمت کا کام کیاجاتا ہے‘۔
اس کے علاوہ روزانہ کی بنیاد پر بھی سعودی ہنرمند غلاف کعبہ کے ایک، ایک حصے کا ہر دن معائنہ کرتے ہیں اور جہاں جو کمی نظر آتی ہے اسے دور کرنے کا اہتمام کرتے ہیں۔ اگر غلاف کعبہ میں کہیں کوئی جھول آجاتا ہے تو اسے فوری طور پر نمٹا دیتے ہیں۔ 


ہنر مندوں کی ٹیم  باریک بینی اور مہارت سے کام انجام  دیتی ہے (فوٹو: ایس پی اے)

انجینیئر امجد الحازمی کا کہنا ہے کہ’ ہنر مندوں کی ٹیم  باریک بینی اور مہارت سے کام انجام  دیتی ہے اور یہی ان کی پہچان ہے‘۔  
انہوں نے بتایا کہ غلاف کعبہ کی صفائی اور آرائش و مرمت کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جاتا ہے۔ سعودی حکومت تمام ضروری سہولتیں مہیا کیے ہوئے ہے۔ 
کنگ عبدالعزیز کسوہ کمپلیکس کے ماتحت غلاف کعبہ کی صفائی، آرائش اور مرمت کے ادارے کے انچارج فہد الجابری نے بتایا کہ ’کئی عشروں سے  ادارہ یہ ذمہ داری اخلاص سے انجام دے رہا ہے۔ مقررہ نظام الاوقات کے مطابق کام انجام دیا جاتا ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’خانہ کعبہ کے ہر پہلو سے تین میٹر اونچا کپڑا لگا کر غلاف کعبہ کی کسائی ہوتی ہے۔ ہر طرف سے اس کی صفائی کا بھی اہتمام ہوتا ہے۔ حجر اسود اور رکن یمانی کے اوپرغلاف کعبہ کے کنارے تبدیل کیے جاتے ہیں‘۔ 

شیئر: