اداکارہ سوارا بھاسکر نے اپنی شادی پر کس پاکستانی ڈیزائنر کا لہنگا پہنا؟
سوارا بھاسکر نے پاکستانی ڈیزائنر علی ذیشان کا لہنگا پہنا تھا۔ فوٹو: سوارا بھاسکر انسٹا
بالی وڈ اداکارہ سوارا بھاسکر کی حال ہی میں مسلمان نوجوان فہد احمد سے شادی ہوئی اور ایک تقریب میں انہوں نے پاکستانی ڈیزائنر کا لباس پہنا۔
ویسے تو سوارا بھاسکر اور فہد احمد کی شادی گزشتہ ماہ سپیشل میرِج ایکٹ کے تحت عدالت میں ہوئی تھی لیکن روایتی تقریبات کا آغاز 11 مارچ کو مایوں کی رسم سے ہوا۔
مایوں کی رسم کے بعد مہندی، سنگیت اور قوالی نائٹ کے علاوہ دیگر فنکشنز بھی ہوئے جن میں کانگریس رہنما راہل گاندھی، دہلی کے وزیر اعلٰی اروند کجیروال اور دیگر نامور شخصیات نے شرکت کی۔
گزشتہ روز اتوار کو شادی کی تقریبات کا اختتام دلہے کی فیملی کے زیر اہتمام فنکشن سے ہوا جس میں سوارا بھاسکر پاکستانی ڈیزائنر کے لباس میں ملبوس تھیں۔
سوارا بھاسکر نے ہلکے رنگ کا لہنگا پہنا ہوا تھا جس پر دھاگے اور موتیوں کا انتہائی خوبصورت کام ہوا تھا۔
اداکارہ نے لہنگے کی تصویر انسٹا سٹوری پر شیئر کی اور ڈیزائنر علی ذیشان کا خصوصی شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ’شاندار لباس سرحد کے اس پار سے بھیجا۔‘
سوارا بھاسکر نے چار ہفتے قبل انسٹاگرام پر فہد احمد سے محبت کا اعتراف کرتے ہوئے پوسٹ کی تھی جس پر صارفین نے انہیں مبارکباد دی۔
سوارا بھاسکر کے شوہر فہد احمد سماج وادی سیاسی پارٹی کے ریاست مہاراشٹر میں یوتھ ونگ کے صدر ہیں اور ان دونوں کی ملاقات تقریباً ساڑھے تین سال پہلے شہریت کے متنازع قانون کے خلاف جاری مظاہروں کے دوران ہوئی تھی۔
بالی وڈ اداکارہ کئی انڈین فلموں میں کام کر چکی ہیں اور دو سکرین ایوارڈ جیتنے کے علاوہ تین مرتبہ فلم فیئر ایوارڈ کے لیے بھی نامزد ہوئیں۔
سوارا بھاسکر اپنے سیاسی اور حکومت مخالف بیانات کے باعث اکثر تنازعات کا شکار رہتی ہیں تاہم سنہ 2018 میں ان کے فلمی کیریئر میں ایک نیا موڑ تب آیا جب ان کی فلم ’وِیرے دی ویڈنگ‘ تنازع کا شکار ہو گئی اور انہیں عریاں مناظر کے باعث شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔