Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

افغانستان نے پہلی بار ٹی20 میں پاکستان کو شکست دے دی

شاداب خان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ (فوٹو: پی سی بی)
تین ٹی20 انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں افغانستان نے پاکستان کو چھ وکٹوں سے شکست دے دی۔ یہ ٹی20 انٹرنیشنل میں افغانستان کی پاکستان کے خلاف پہلی کامیابی ہے۔
افغانستان نے 93 رنز کا ہدف 18 ویں اوور میں چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔ محمد نبی 38 اور نجیب اللہ زدران 17 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان کی جانب سے احسان اللہ نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
جمعے کو شارجہ میں ٹاس جیت کر گرین شرٹس کے کپتان شاداب خان نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا جو اچھا ثابت نہ ہوا اور قومی ٹیم 20 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر صرف 92 رنز بنا سکی۔
عماد سیم 18 اور صائم ایوب 17 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ افغانستان کی جانب سے مجیب الرحمان اور فضل حق فاروقی نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ یہ پاکستان کا ٹی20 انٹرنیشنل میں پانچواں سب سے کم سکور ہے۔

افغانستان کی اننگز

افغانستان کی جانب سے رحمان اللہ گرباز اور ابراہیم زدران نے اننگز کا آغاز کیا لیکن دونوں کی شراکت داری زیادہ دیر تک نہ چل سکی، اور پاکستان کی نئی سپیڈ گن احسان اللہ نے اپنے ڈیبیو کو یادگار بناتے ہوئے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے اپنے پہلے اوور کی پہلی گیند پر پہلے ابراہیم اور تیسری گیند پر گلبدین نائب کو آؤٹ کیا۔
27 کے مجموعی سکور پر گرباز ببی نسیم شاہ کا شکار بن گئے۔ 10 ویں اوور میں عماد سیم نے کریم جنت کو بھی بولڈ کر دیا۔ 
چار وکٹیں گرنے کے بعد افغانستان کی ٹیم دباؤ میں آ گئی تھی لیکن اس مرحلے پر محمد بنی کا تجربہ کام آیا اور انہوں نے اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کی نجیب اللہ زدران کے ساتھ 43 رنز کی شراکت داری بنی۔

پاکستان کی اننگز

پاکستان کی جانب سے صائم ایوب اور محمد حارث نے اننگز کا آغاز کیا لیکن حارث جو افغان فاسٹ بولرز کے سامنے جدوجہد کرتے نظر آئے، صرف چھ رنز بنا کر پویلین روانہ ہو گئے۔ انہیں فضل الحق فاروقی نے آؤٹ کیا۔
ون ڈاؤن آنے والے عبداللہ شفیق صرف دو گینیدں ہی کھیل پائے اور عظمت اللہ عمرزئی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔
پاکستان کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے دونوں بیٹرز نے اپنے بین الاقوامی کیریئر کا مایوس کن آغاز کیا۔ صائم ایوب نے چند اچھے شارٹ کھیلے لیکن وہ نوین الحق کی گیند پر سکوپ شارٹ کھیلنے کی کوشش میں 17 رنز بنا کر بولڈ ہو گئے۔
اس سے اگلے اوور میں راشد خان کی گیند پر طیب طاہر نے انہیں ہی آسان سا کیچ تھما دیا۔ انہوں نے 16 رنز بنائے۔
طویل عرصے بعد قومی ٹیم میں واپس آنے والے اعظم خان نے بھی اپنے مداحوں کو مایوس کیا اور صفر پر مجیب الرحمان کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
شاداب خان جو پی ایس ایل 8 میں کچھ خاص کارکردگی نہ دکھا سکے، آج بھی دباؤ کے موقع پر مجیب الرحمان کی گیند پر ہٹ لگانے کی کوشش میں کیچ آؤٹ ہوئے۔ وہ صرف 12 رنز بنا پائے۔
بیٹنگ کے لیے ناسازگار وکٹ پر فہیم اشرف بھی زیادہ دیر تک ٹِک سکے اور دو رنز بنا کر محمد نبی کی گیند پر راشد خان کو کیچ پکڑا بیٹھے۔
گرین شرٹس کے آٹھویں آؤٹ ہونے والے بیٹر نسیم شاہ تھے وہ دو رنز بنا کر محمد نبی کی گیند پر ہٹ وکٹ ہوئے۔
عماد وسیم جو کافی دیر سے وکٹ پر موجود تھے اور امید تھی کہ شاید وہ ٹیم کے سکور کو بڑھانے میں کامیاب ہو جائیں، لیکن وہ بھی ناکام رہے اور 32 گیندوں پر بغیر کسی باؤنڈری کے 18 رنز بنا کر فضل حق فاروقی کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس سیریز کے کے لیے کپتان بابر اعظم، محمد رضوان، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور فخر زمان کو آرام دیا ہے۔
آج کے میچ میں صائم ایوب، طیب طاہر، احسان اللہ اور زمان خان نے اپنا بین الاقوامی ڈیبیو کیا۔

 

شیئر: