Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کراچی میں کالا بچھو فروخت کرنے کے بہانے تین افراد کا اغوا

اینٹی وائلنٹ کرائم سیل کراچی نے نارتھ ناظم آباد تھانے پر چھاپے کے دوران تین مغویوں کو بازیاب کروا کر دو برطرف پولیس اہلکاروں سمیت پانچ ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ملزمان نے تین افراد کو اغوا کر کے 50 لاکھ روپے تاوان طلب کیا تھا، ایس ایس پی ضلع وسطی نے ایس ایچ او نارتھ ناظم آباد کو معطل کرتے ہوئے ان کے عہدے میں بھی تنزلی کر دی، گرفتار ملزمان سے تفتیش کی جا رہی ہے۔
کراچی اینٹی وائلنٹ کرائم سیل پولیس نے نارتھ ناظم آباد تھانے کی چھت پر چھاپہ مار کر وہاں قید تین مغویوں کو بازیاب کروا لیا گیا۔
 حکما اینٹی وائلنٹ سیل کے مطابق گرفتار ملزمان میں برطرف پولیس اہلکار محبوب ، آصف ان کے ساتھی مختار، اسد، ریاض اور کاشف شامل ہیں۔
 ملزمان نے قائدآباد کے رہائشی تین افراد عصمت، شعیب اور سلیم کو 22 مارچ کو اغوا کیا تھا، مغویوں کو سستے داموں کالا بچھو فروخت کرنے کے بہانے بلوایا گیا تھا۔
اغوا کے بعد مغویوں کو تھانے کی چھت پر قائم کمرے میں قید کر دیا گیا تھا، ملزمان نے مغویوں کے اہل خانہ سے ان کی رہائی کے عوض 50 لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کیا تھا۔
مغویوں کے اہل خانہ سے پانچ لاکھ روپے میں معاملات طے ہوئے تھے، مغویوں کے اہل خانہ چار لاکھ روپے تاوان کی رقم ادا کر چکے تھے جو چھاپے میں برآمد کر لی گئی۔
ملزمان سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے جبکہ ایس ایس پی ضلع وسطی معروف عثمان نے تھانے سے مغویوں کی بازیابی پر ایس ایچ او نارتھ ناظم آباد سب انسپکٹر معید کو معطل کر کے ان کے عہدے میں تنزلی کر دی۔

شیئر: