مملکت میں پیر کو بارش کا امکان، عسیر اور دیگر علاقوں میں تعلیم آن لائن
مملکت کے کئی علاقوں میں گرد آلود ہوائیں چل رہی ہیں ( فائل فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی عرب میں موسمیات کے قومی مرکز کے تجزیہ کار عقیل العقیل نے کہا ہے کہ’ ان دنوں غیر مستحکم موسمی حالات سے گزر رہے ہیں۔ بنیادی طور پر بہار کا موسم ہے تاہم درجہ حرارت میں اتار چڑھاؤ ہے‘۔
الاخباریہ چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ’ پیر کو بعض علاقوں خصوصا تبوک، حدودشمالیہ، الجوف، حائل اور القصیم ریجنوں میں درجہ حرارت سردی مائل رہے گا‘۔
اخبار 24 کے مطابق جازان اورعسیر میں تعلیم کے محکموں نے کہا ہے کہ ’پیر کو بھی خراب موسمی حالات کے پیش نظر سکولوں میں تعلیم آن لائن ہوگی‘۔
’عسیر ریجن کی متعدد کمشنریوں خصوصا ظہران الجنوب، سراۃ عبیدہ اور رجال المع کے سکول بند رہیں گے اور تعلیم آن لائن ہوگی۔ جازان ریجن کی تمام کمشنریوں کے سکولوں میں بھی تعلیم آن لائن ہوگی‘۔
علاوہ ازیں اتوار کو مشرقی ریجن کی دمام، الخبر، القطیف اور الظہران کمشنریوں میں بارش کی اطلاعات ہیں۔
موسمیات کے قومی مرکز کی رپورٹ کے مطابق حدود شمالیہ، حائل، قصیم، ریاض اور الشرقیہ ریجنوں میں متعدد مقامات پر گرد آلود ہوائیں چل رہی ہیں۔