Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بالی وُڈ میں سیاست کی وجہ سے امریکہ منتقل ہوئی: پریانکا چوپڑا

امریکا میں اپنے کیریئر کی شروعات پریانکا چوپڑا نے ٹیلی ویژن سیریز ’کوانٹیکو‘ سے کی۔ (فائل فوٹو: روئٹرز)
گذشتہ کچھ برسوں سے امریکہ میں مقیم بالی وُڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا نے ایک انٹرویو میں دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے ہالی وُڈ منتقل ہونے کا فیصلہ اس لیے کیا کیونکہ وہاں انہیں ’دیوار سے‘ لگایا جا رہا تھا۔
انڈین ایکسپریس کے مطابق اداکارہ نے ڈیکس شیفرڈ کے پوڈکاسٹ ’آرم چیئر ایکسپرٹ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کے کچھ لوگوں کے ساتھ مسئلے چل رہے تھے جس کی وجہ سے انہیں بالی وُڈ میں کچھ افراد کی جانب سے نظرانداز کیا جارہا تھا۔
پریانکا چوپڑا کا کہنا تھا کہ ’مجھے بالی وُڈ انڈسٹری میں دیوار کی طرف دھکیلا جا رہا تھا۔ لوگ مجھے فلموں میں کاسٹ نہیں کر رہے تھے جس کی وجہ سے کچھ مسائل تھے۔ میں وہاں موجود سیاست کی وجہ سے تھکن محسوس کر رہی تھی اور مجھے لگا کہ مجھے اب بریک کی ضرورت ہے۔‘
خیال رہے پریانکا چوپڑا نے ہالی وُڈ میں اپنا ڈیبیو امریکی ٹیلی ویژن سیریز ’کوانٹیکو‘ سے کیا تھا اور وہ 2018 میں امریکی اداکار اور گلوکار نک جونس سے شادی کے بعد مستقل طور پر امریکہ میں ہی مقیم ہیں۔
پریانکا چوپڑا کے انٹرویو کے بعد انڈین اداکارہ کنگنا رناوت نے ٹوئٹر پر دعویٰ کیا ہے کہ ’سب کو پتا ہے کہ کرن جوہر نے پریانکا پر پابندی عائد کر رکھی تھی۔‘
کنگنا رناوت نے مزید لکھا کہ پریانکا چوپڑا اور کرن جوہر کے درمیان مسائل کی وجہ اداکارہ کی شاہ رخ خان سے دوستی تھی۔
انہوں نے کرن جوہر کے حوالے سے مزید لکھا کہ انڈین ہدایتکار کا احتساب ہونا چاہیے ’جنہوں نے فلم انڈسٹری کے ماحول اور کلچر کو تباہ کر دیا جو کہ امیتابھ بچن اور شاہ رخ خان کے زمانے میں باہر والوں کے لیے اتنا زہریلا نہیں تھا۔‘

شیئر: