اتنے مصروف نہیں ہیں کہ خاندان آگے نہ بڑھائیں: پریانکا چوپڑا
جمعرات 13 جنوری 2022 20:57
پریانکا چوپڑا اور نک جونس نے مستقبل میں والدین بننے کے بارے میں پہلے بھی بات کی ہے۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
بالی وڈ کی نامور اداکارہ پریانکا چوپڑہ کے پاس اس وقت شاید 12 کے قریب پروجیکٹس ہیں لیکن وہ مستقبل میں اپنے خاندان کو بڑھانے کا ارادہ رکھتی ہیں۔
وینٹی فیئر میگزین کو دیے گئے انٹرویو میں پریانکا نے مستقبل میں ماں بننے کے حوالے سے بات کی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ جب بھی ایسا ہوتا ہے تو وہ اور ان کے شوہر نک جونس اپنی زندگیوں میں تبدیلی لانے کے لیے تیار ہیں۔
پریانکا چوپڑا سے پوچھا گیا تھا کہ آیا ان کی والدہ ڈاکٹر مدھو چوپڑا نانی پننا چاہتی ہیں۔
اس پر خوبرو اداکارہ کا کہنا تھا ’یہ مستقبل کے لیے ہماری خواہش کا بڑا حصہ ہے۔ خدا کی مہربانی سے جب یہ ہوگا، تو ہوگا۔‘
تاہم جب ان سے کہا گیا کہ وہ اور نک جونس اپنے کام میں مصروف ہیں، اس پر پریانکا چوپڑا کا کہنا تھا کہ ’وہ اتنے مصروف نہیں ہیں کہ خاندان آگے نہ بڑھائیں۔‘
واضح رہے کہ پریانکا چوپڑا اور نک جونس کی شادی 2018 میں انڈیا میں ہوئی تھی۔
دونوں نے مستقبل میں والدین بننے کے بارے میں پہلے بھی بات کی ہے۔