حکومت الیکشن سے بھاگنے کے لیے عدلیہ پر پریشر ڈال رہی ہے: عمران خان
عمران خان نے کہا کہ ’یہ ایسے جج چاہتے ہیں جو ان کے ساتھ ہوں کیونکہ انہوں نے غلط کام کرنے ہوتے ہیں۔‘ (فوٹو: سکرین گریب)
تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ’حکومت الیکشن سے بھاگنے کے لیے عدلیہ پر پریشر ڈال رہی ہے۔ مجھے ان کی نیت پر ہمیشہ شک رہا ہے کیونکہ یہ لوگ کبھی عدلیہ کو آزاد اور مضبوط نہیں دیکھنا چاہتے۔‘
منگل کو لاہور سے لائیو خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نے سپریم کورٹ کے چیف جسٹس سجاد علی شاہ پر حملہ کیا۔ انہوں نے کوئٹہ بینچ کو خریدا۔ ان کی یہ تاریخ ہے۔‘
عمران خان کا کہنا تھا کہ ’شہباز شریف نے ہنگامی طور پر کابینہ کا اجلاس بلایا اور چیف جسٹس کے اختیارات کم کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ شہباز شریف نے جلدی جلدی جو فیصلہ کیا ہے وہ صرف عدلیہ پر دباؤ ڈالنے کے لیے کیا ہے۔ اور یہ اس لیے کیا ہے کہ وہ الیکشن نہیں چاہتے۔‘
’جب ان کو پتا چل گیا کہ پبلک ان کے ساتھ نہیں ہے تو انہوں نے کوشش شروع کر دی کہ کسی طرح ملک میں الیکشن نہ ہوں۔ یہ الیکشن سے بھاگنے کی کوشش کرتے گئے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’یہ ایسے جج چاہتے ہیں جو ان کے ساتھ ہوں کیونکہ انہوں نے غلط کام کرنے ہوتے ہیں۔ یہ ایمپائر کو ساتھ ملا کر کھیلنے والے ہیں۔‘
’آرمی چیف جنرل باجوہ نے فیصلہ کیا کہ عمران خان مجھے پسند نہیں ہے اور شہباز شریف کو وہ سمجھتے تھے کہ بڑے جینیئس ہیں اور جب حکومت گرا دی تو واضح ہو گیا کہ عوام امپورٹڈ حکومت کو منظور نہیں کر رہی۔‘
’جنرل باجوہ نے ان کے ساتھ مل کر انسانی حقوق کی پامالیاں کیں۔ پاکستان کی جمہوریت کی تاریخ میں ایسی مثالیں نہیں دیکھیں۔ ایسا مشرف کے دور میں بھی نہیں ہوا۔‘
عمران خان نے کہا کہ ’ان کے ساتھ ہینڈلرز ملے ہوئے جو خود کو نیوٹرل کہتے ہیں۔ وہ ان کے ساتھ کھڑے ہو گئے ہیں جن کی کرپشن پر کتابیں لکھی گئی ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’جو پارٹی الیکشن چاہتی ہے وہ تصادم نہیں چاہتی۔ یہ وہ چاہتے ہیں کہ جو الیکشن سے بھاگتے ہیں اور انتشار پھیلانا چاہتے ہیں۔ ایک بدمعاش وزیر داخلہ رکھا ہوا ہے۔ وہ دھمکیاں دے رہا ہے۔ اس کو سمجھ ہی نہیں جمہوریت کیا ہے۔‘
’فرانس میں عوام سڑکوں پر نکلی ہوئی ہے۔ پولیس پر حملے کر رہی ہے۔ پیٹرول بم پھینک رہی ہے۔ کیا وہاں لوگوں کو اٹھایا جا رہا ہے۔ ہم نے ان کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر ڈوسیئر پیش کیا ہے۔ ایسا ظلم انگریز کے زمانے میں بھی نہیں ہوا جو انہوں نے ہمارے ساتھ کیا۔‘
تحریک انصاف کے چیئرمین نے کہا کہ ’جو حرکتیں آپ کر رہے ہیں اس سے معاشرے میں نفرت بڑھے گی۔ بالکل یہ نہ سمجھیں کہ لوگ ڈر جائیں گے۔ ان (حکومت) کے پیچھے وہ لوگ ہیں جو خود کو نیوٹرل کہتے ہیں۔ میں نیوٹرلز کو کہنا چاہتا ہوں کہ کیا آپ کو نظر نہیں آ رہا کہ ان کی وجہ سے قوم آپ کے خلاف ہوتی جا رہی ہے۔‘