انڈیا: تقریب کے دوران مندر کا فرش ٹوٹنے سے زائرین کنویں میں گر گئے
جمعرات 30 مارچ 2023 11:59
واقعہ مدھیہ پردیش کے شہر اندور کے ایک مندر میں پیش آیا (فوٹو: انڈیا ٹوڈے)
انڈیا میں مذہبی تقریب کے دوران مندر کا فرش اچانک ٹوٹنے سے متعدد زائرین کنویں میں گر گئے، جن کو نکالنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔
انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق واقعہ ریاست مدھیہ پردیش کے شہر اندور کے شری بالیشور مہادیو مندر میں اس وقت پیش آیا جب وہاں کافی تعداد میں زائرین جمع تھے۔
بتایا گیا ہے کہ مندر میں ایک کنویں پر لینٹر ڈال کر فرش بنایا گیا تھا جو زیادہ دباؤ کی وجہ سے ٹوٹ گیا۔
واقعے کی ایک ویڈیو بھی سامنے آئی ہے جس میں مندر کے باہر لوگوں کو بھاگتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ واقعے کے بعد امدادی کارروائیاں شروع ہو گئی ہیں اور چھ افراد کو کنویں سے نکال لیا گیا ہے۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ واقعے کی اطلاع دیے جانے کے باوجود ایمبولینسز اور فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موقع پر نہ پہنچ سکیں۔
این ڈی ٹی وی کا کہنا ہے کہ اس وقت بھی 25 سے زائد افراد کنوئیں میں موجود ہیں جن کو نکالنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔
انڈیا میں مذہبی تقریبات کے دوران حادثات پہلے بھی ہوتے رہے ہیں اور رواں برس 23 جنوری کو ریاست تامل ناڈو کے دروپتی مندر میں تقریب کے دوران کرین زائرین کے اوپر گرنے سے چار افراد ہلاک اور پانچ زخمی ہو گئے تھے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعہ رانی پت کے علاقے میں واقع دروپتی مندر میں پیش آیا۔
عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ کرین کے ذریعے مورتیاں لے جائی جا رہی تھیں جبکہ اس وقت آٹھ افراد بھی کرین کے اگلے حصے پر سوار تھے۔
نیچے موجود زائرین کرین پر سوار افراد کو ہار پکڑا رہے تھے اور اس دوران ہی کئی فٹ اونچی کرین اپنا توازن کھو بیٹھی اور نیچے موجود زائرین کے اوپر گر گئی۔